لاہور،پشاور،کوئٹہ،شیخوپورہ،ڈی جی خان،نارووال،قصور،صادق آباد،بھکر،گجرات،چکوال،قمبر شہداد کوٹ،علی پور چٹھہ:(رپورٹنگ ٹیم ،نمائندگان)ضمنی انتخابات میں ن لیگ،اتحادیوں نے میدان مارلیا،سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کو بھاری مارجن سے شکست،بیٹے مونس بھی ناکام،باجوڑ میں اپ سیٹ،آزاد امیدوارمبارک زیب فاتح،علی پور چٹھہ میں پی ٹی آئی اپنی جیتی نشست کھو بیٹھی، تصادم، لڑائی جھگڑے،لیگی کارکن جاں بحق،متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
قومی 5 اور صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ صبح 8 سے شروع ہوکر شام 5بجے تک بغیر کسی وقفے تک جاری رہی،پی بی 50 (قلعہ عبداللہ) کے تمام حلقوں میں دوبارہ پولنگ ہوئی،ضمنی انتخابات کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے،پولیس سکیورٹی پہلے، سول آرمڈ فورسز دوسرے جبکہ پاک فوج کے اہلکار تیسرے حصار میں فرائض انجام دیتے رہے،سکیورٹی خدشات کے باعث لاہور سمیت ضمنی الیکشن والے حلقوں میں موبائل فون وانٹرنیٹ سروس معطل رہی۔
غیر حتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق ضمنی انتخابات میں ن لیگ اور اتحادیوں نے کامیابی سمیٹ لی،رات گئے تک لاہو رسمیت پنجاب کی تمام نشستوں پرن لیگی امیدوار سرفہرست رہے،پی پی 32 گجرات 6 میں ق لیگی امیدوار موسیٰ الٰہی نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی کو بھاری مارجن سے پچھاڑ دیا،موسی الٰہی نے63ہزار سے زائد ووٹ لیکر کامیابی سمیٹی،سنی اتحاد کونسل کے پرویزالٰہی 18237ووٹ کےساتھ دوسرے نمبر پر رہے،آئی پی پی کے شعیب صدیقی نے بھی نشست جیت لی۔
پی پی 158میں لیگی امیدوار نے مونس الٰہی کو شکست سے دوچار کردیا،باجوڑ میں ہونےوالے الیکشن میں آزاد امیدوار مبارک زیب نے اپ سیٹ کرکے تمام جماعتوں کے امیدواروں کو شکست دی،علی پور چٹھہ میں پی ٹی آئی اپنی چھوڑی سیٹ پر بھی شکست کھاگئی۔
ڈی آئی خان میں وزیراعلیٰ کے پی کے بھائی فیصل امین گنڈا پور،کوہاٹ میں سنی اتحاد کونسل کے داﺅد آفریدی،قمبر شہداد کوٹ سے پیپلز پارٹی کے امیدوار خورشید احمد جونیجو نے کامیابی اپنے نام کرلی،بلوچستان میں ن لیگ اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے امیدوار ایک ایک نشست پر آگے ہیں۔
دوسری جانب مختلف پولنگ سٹیشن پر تصادم کے دوران لیگی کارکن جاں بحق،متعدد افراد زخمی ہوگئے،پولیس بیچ بچاﺅ کراتی رہی ،کئی کارکنوں کو حراست میں لے لیا گیا، لڑائی جھگڑے کے واقعات کے باعث پولنگ کا عمل بھی تعطل کا شکار رہا،پی پی 54 نارووال میں کوٹ ناجو کے علاقے میں مخالفین کی جانب سے ڈنڈا لگنے پر لیگی کارکن یوسف جاں بحق ہوا،قلعہ عبداللہ میں مسلح افراد نے پولنگ سٹیشن میں گھس کر فائرنگ کردی،لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا،فائرنگ سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
ضمنی انتخابات ،ن لیگ، اتحادیوں نے میدان مار لیا پرویزالٰہی کو بھاری مارجن سے شکست،مونس بھی ناکام
















