غیرملکی باشندوں کی سکیورٹی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی،آر پی او فیصل آباد

فیصل آباد: (صداقت علی )آر پی او ڈاکٹر عابد نے کہا ہے کہ فیصل آباد ریجن میں موجود چائنیز اور دیگر غیرملکی باشندوں کی سکیورٹی میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ غیر ملکی انجینئرز ، ورکرز اور پاور پراجیکٹس کی سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے۔

فیڈمک میں آر پی او ڈاکٹر عابد اور کمشنر سلوت سعید کی زیرصدارت چائنیز کی سکیورٹی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر عبداللہ نئیر ، سی پی او محمد علی ضیا ، ایس ایس پی سی ٹی ڈی ، ایس ایس پی سپیشل برانچ اور ایس پی یو کے افسران نے آرپی او اور کمشنر کو سکیورٹی اقدامات پربریف کیا۔

آر پی او ڈاکٹر عابد نے کہا سکیورٹی کے ذمہ دار تمام متعلقہ افسران فیصل آباد میں مختلف پراجیکٹس پر کام کرنے والے چائنیز ، دیگر غیرملکیوں اور اہم تنصیبات کا سکیورٹی آڈٹ کریں ۔ غیرملکیوں کو آزاد اور پر امن ماحول فراہم کرنا ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور اس ضمن میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ ڈاکٹر محمد عابد کہا کہ فیڈمک انڈسٹریل زون اور دیگر پراجیکٹس پر چائنیز فارنرز کو بھرپور سکیورٹی کا ماحول فراہم کیا جائے تاکہ ان میں احساس تحفظ پیدا ہو۔ انہوں نے احکامات جاری کئے کہ فارنرز کے ورکنگ ایریا اور دوران ٹرانسپوٹ سکیورٹی کے حوالے سے ایس او پیز کو مدنظر رکھا جائے۔