کراچی،غیر ملکیوں پر حملہ ناکام،2دہشتگرد جہنم واصل،سکیورٹی گارڈ جاں بحق

کراچی،اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کراچی میں غیر ملکیوں پر حملہ ناکام،بمبار سمیت 2دہشتگرد جہنم واصل،سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہوگیا۔


ایس ایس پی ملیر طارق الٰہی کے مطابق 5جاپانی شہری ایکسپورٹ پروسیسنگ زون جا رہے تھے ،دہشتگردوں نے لانڈھی کی مانسہرہ کالونی میں گاڑی کو نشانہ بنایا ،فائرنگ بھی کی گئی،تمام غیر ملکی محفوظ رہے،ایک دہشتگرد نے خود کو دھماکے سے اڑایا، دوسرا پولیس مقابلے میں مارا گیا،تیسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دھماکے اور فائرنگ کے نتیجے میں 2 سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہو گئے ہسپتال منتقل کیا گیا مگر ایک سکیورٹی گارڈ دوران علاج دم توڑ گیا،دونوں سکیورٹی گارڈ غیر ملکیوں کی حفاظت کیلئے گاڑی میں موجود تھے،دھماکے کے نتیجے میں متاثرہ گاڑی کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا ،جائے وقوعہ سے کلاشنکوف اور دستی بم سے بھرا بیگ بھی ملا ،غیرملکیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیاگیا،ہسپتال حکام کے مطابق زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے، کوئی غیر ملکی شامل نہیں ۔

ڈی آئی جی ایسٹ غلام اظفر مہیسر نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا جائے وقوعہ کے قریب کالے بیگ میں ہینڈ گرنیڈ اور موٹرسائیکل ملی ،کالے بیگ کے اندر بھی ہینڈ گرنیڈ موجود تھا،جائے وقوعہ سے دہشتگرد کے اعضا مل گئے،پولیس ،قانون نافذ کرنےوالے اداروں کے اہلکاروں نے جائے وقوعہ کو گھیرے میں لےکر سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

وزیراعظم شہبازشریف،صدر مملکت آصف زرداری،چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ودیگر نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہاامن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہر مذموم کارروائی کو ناکام بنائیں گے،پولیس کی بر وقت کارروائی سے کسی بڑے جانی نقصان سے بچ گئے،دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ،پوری قوم ملکر دہشت گردی کا مقابلہ کرے گی اور شر پسند عناصر کا جڑ سے خاتمہ کیا جائے گا۔

سیاسی قیادت نے کہا یقین ہے، گھناو¿نے جرم میں ملوث درندے جلد قانون کی گرفت میں ہوں گے،غیر ملکی مہمان ہیں، مہمانوں کا احترام اور حفاظت کرنا پاکستانیوں کا قومی شعار ہے۔