بشریٰ کو کھانے میں ٹائلٹ کلینر ملا کر دیا گیا، عمران خان


راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وچیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے الزام عائد کیاہے اہلیہ بشریٰ کو کھانے میں ٹائلٹ کلینر ملا کر دیا گیا۔

190 ملین پاونڈز ریفرنس کی سماعت کے دوران عمران خان نے جج ناصر جاوید رانا کے روبرو کہا کمرہ عدالت میں اضافی دیواریں کھڑی کردی گئیں،اوپن کورٹ والا ماحول نہیں لگ رہا۔

عدالت کے استفسار پر عمران خان نے کہا ڈاکٹر عاصم یونس نے بشریٰ کے ٹیسٹ شفا انٹرنیشنل سے کرانے کی تجویز دی ، جیل انتظامیہ پمز ہسپتال سے ٹیسٹ کرانے پر بضد ہے،کہا جارہا ہے جیل مینوئل کے مطابق سرکاری ہسپتال ہی سے ٹیسٹ کرانے کی اجازت ہے، عدالت نے ڈاکٹر عاصم یونس کے آنے کی بابت استفسار کرتے ہوئے کہا انسانی بنیادوں پر بشریٰ کے ٹیسٹ نجی ہسپتال سے کرانے کا آرڈر کردیتے ہیں۔

عمران خان نے کہابشریٰ کو ٹائلٹ کلینر کھانے میں ملا کر دیا گیا ،اہلیہ کی طبیعت بگڑتی جارہی ہے ،روز معدے میں جلن ہوتی ہے،عدالت نے کہا سماعت کے دوران پریس کانفرنس سے گریز کیا کریں، عمران خان نے کہا میرے نام سے باہر کوئی غلط بیان دیا جاتا ہے تو مجھے وضاحت کرنی پڑتی ہے،عدالت نے کہا ڈیکورم کا خیال ضروری ہے، آپ سماعت کے بعد صحافیوں سے بات کرلیا کریں، عمران خان نے کہا سماعت کے بعد جیل انتظامیہ میڈیا کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیتی ہے،عدالت سماعت کے بعد صرف 10 منٹ میڈیا سے بات کرنے کی اجازت دے۔