عوامی نمائندے روٹی کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنائیں،وزیراعلیٰ پنجاب

لاہور،مری :(اپنے رپورٹر سے،ہیلتھ رپورٹر)قائد ن لیگ نوازشریف،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز تندور پر جاپہنچے،اڈہ پلاٹ پر نان بائیوں سے ملاقات کی ،سستی روٹی لگوائی اور قیمتیں معلوم کیں،ریٹ لسٹ کا بھی معائنہ کیا،عوام نے دونوں رہنماﺅں کو دیکھ کر خوشگوا ر حیرت کااظہار کیا۔

اس موقع پر نوازشریف نے کہا روٹی کی قیمت کا خود جائزہ لیتا رہوں گا جبکہ نان بائی کو تاکید کی روٹی 20روپے میں دوبارہ نہ دے دینا، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عوام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا روٹی 16،نان کی قیمت 20کر دی ،نوٹیفکیشن آگئے ،کوئی زیادہ پیسے مانگے تو رپورٹ کریں۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازنے ایم پی ایز کو تنوروں کی مانیٹرنگ کا ٹاسک سونپ دیا،ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ کمیٹیاں بھی متحرک ہوگئیں، مریم نواز نے عوامی نمائندوں کو روٹی کی سرکاری نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاصوبے بھر میں روٹی 16اور نان 20 روپے سے زائد فروخت کرنے کی اجازت نہیں دینگے،سرکاری نرخ سے زائد بیچنے پر قانونی کارروائی کی جائےگی، عوامی نمائندے عوام کو ریلیف یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں

علاوہ ازیں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مری کے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا دورہ کیا اور ہسپتال کے مختلف شعبے ،وارڈز دیکھے،مریم نواز نے او پی ڈی میں مریضوں کی لمبی لائنیں دیکھ کر برہمی کا اظہار کیا اوراو پی ڈی میں مریضوں سے بات چیت کی،مریضوں کو انتظار کرانے اور نا کافی سہولتوںپر ایم ایس کی سرزنش کرتے ہوئے تنبیہ کی ہسپتال کے نظام کو درست کریں، مریض دربدر ہورہے ہیں، وزیر اعلیٰ نے مریض ماں کو دلاسہ دیا گھبرائیں مت!آپ کی بیٹی ٹھیک ہو جائے گی،ایمرجنسی وارڈ میں داخل مریضوں کی فرداً فرداً عیادت کی اور صحت یابی کیلئے دعائیں کیں،مریم نواز نے پی سی یو سنٹر، میڈیکل وارڈ، گائنی اور نرسری میں موجود سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور بہترین طبی سہولتیں فراہم کرنے کاحکم دےدیا۔