لاہور (اپنے نمائندے سے) کراچی سے فیصل آباد جانے والی خاتون کی مبینہ طور پر ٹرین سے گر کر ہلاکت کے معاملے پر آئی جی ریلوے نے ڈی آئی جی ساﺅتھ کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی۔ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق تین ایس پیز کو کمیٹی میں شامل کیا گیا ہے، ملت ایکسپریس میں خاتون پر تشدد اور ہلاکت کا معاملہ سامنے آیا، خاتون بھتیجوں کے ساتھ کراچی سے جڑانوالہ جا رہی تھی۔ترجمان کا کہنا ہے کہ خاتون پر تشدد کرنے والے کانسٹیبل کی ڈیوٹی حیدر آباد تک تھی، انکوائری ہو رہی ہے کہ کانسٹیبل کسی اور سٹیشن پر تو نہیں اتر گیا۔دریں اثناءریلوے پولیس حیدرآباد نے ٹرین میں تشدد کا نشانہ بننے والی خاتون کی لاش ملنے کے بعد مبینہ طور پر ملوث پولیس اہلکار کو دوبارہ گرفتار کرلیا۔اہلکار میر حسن کی گرفتاری اس کے خلاف درج مقدمے میں دفعہ 302 شامل کیے جانے کے بعد عمل میں لائی گئی، مقدمہ ایس ایچ او ریلوے تھانہ حیدرآباد انسپکٹر محمد حسن کی مدعیت میں درج کیاگیا۔واضح رہے کہ خاتون بہاولپور کے نواحی علاقہ چنی گوٹھ کے ریلوے اسٹیشن کے قریب مردہ حالت میں پائی گئی۔اس سے قبل خاتون پر تشدد کے واقعے کے بعد میر حسن کو گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد ازاں اسے ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔ترجمان پولیس کے مطابق 30 سالہ مریم بی بی کا تعلق جڑانوالہ کے چک 648 سے تھا۔مریم کے بھائی افضل کے مطابق اس کی بہن کراچی میں بیوٹی پارلر میں ملازمت کرتی تھی اور عید کرنے کے لئے جڑانوالہ آرہی تھی، ورثا نے خاتون کی ہلاکت کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔واضح رہے کہ 7 اپریل کی رات کوٹری اور حیدرآباد کے درمیان ملت ایکسپریس ٹرین میں پولیس اہلکار کے خاتون مسافر پر تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔گرفتار پولیس اہلکار نے بیان دیا تھا کہ خاتون مسافروں کو تنگ کر رہی تھی، منع کرنے پر خاتون نے مجھ سے بھی بدتمیزی کی، جس پر طیش میں آکر ہاتھ اٹھانا پڑا۔دوسری طرف ملت ایکسپریس سے خاتون کے مبینہ طور پر گر کر جاں بحق ہونے اور پولیس اہلکار کی جانب سے تشدد کے معاملے پر خاتون کی بڑی بہن شازیہ کا بیان سامنے آگیا۔میڈیا سے گفتگو کے دوران خاتون کی بڑی بہن شازیہ نے بتایا کہ ٹرین میں رش کے دوران میری بہن مریم کا پرس کھو گیا تھا، فون پر بہن نے بتایا پولیس والا تنگ کر رہا ہے، میں نے فون پر ٹی ٹی سے بات کی اور ٹکٹ کے پیسے آن لائن بھجوانے کا کہا تھا۔ شازیہ کے مطابق میری بہن نے پولیس والے سے بھی فون پر بات کروانے کی کوشش کی، پولیس والے نے فون کال کے دوران ہی مریم پر تشدد شروع کردیا تھا، پولیس اہلکار دوران تشدد کہہ رہا تھا کینٹین والے ڈبے میں چلو۔ خاتون کی بڑی بہن نے مزید بتایا کہ تشدد کرنے والے اہلکار کے ساتھ دو دیگراہلکار بھی تھے، پولیس والا تشدد کرکے ساتھ لے گیا اور پھر مریم کی لاش کی اطلاع ملی۔ دریں اثناءملت ایکسپریس سے خاتون کے مبینہ طور پر گر کر جاں بحق ہونے کے معاملے کی ابتدائی رپورٹ اور خاتون کے ساتھ موجود بچے کا بیان سامنے آگیا۔ ریسکیو عملے کی ابتدائی رپورٹ کے مطابق 8 اپریل کو خاتون کے چلتی ٹرین سے کودنے کی رپورٹ کی گئی تھی، صبح ساڑھے 6 بجے چنی گوٹھ کے مقام پر خاتون ٹرین کی کھڑکی سے کود گئی، خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی تھی۔ ریسکیو عملے کا کہنا ہے کہ خاتون بچوں کے ہمراہ کراچی سے فیصل آباد جا رہی تھی، بچوں نے بتایا ہے کہ خاتون پر جنات کا سایہ تھا، لوگوں کے روکنے کے باوجود خاتون نے کھڑکی سے چھلانگ لگائی۔ دوسری جانب خاتون پر تشدد میں ملوث اہلکار سے متعلق پولیس کے مو¿قف میں تضاد سامنے آیا ہے جس میں ایک طرف پولیس کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار میر حسن کی ضمانت گرفتاری کے اگلے دن 13 اپریل کو ہوگئی تھی، اہلکار میر حسن پولیس لائن کراچی میں تعینات ہے۔ علاوہ ازیں دوسری طرف پولیس نے بتایا ہے کہ اہلکار میر حسن معطل ہے اور اس کے خلاف مقدمہ بھی درج ہے۔ خاتون کے بھائی افضل نے بتایا کہ جاں بحق خاتون مریم کا تعلق جڑانوالہ کے چک 648 گ ب سے تھا، مریم 7 اپریل کو کراچی سے بذریعہ ملت ایکسپریس روانہ ہوئیں، بہاولپور پولیس نے 8 اپریل کو بہن کی ٹرین سے گر کر ہلاکت کی اطلاع دی، ٹرین حادثہ سمجھ کر 9 اپریل کو گاو¿ں میں تدفین کردی تھی لیکن ویڈیو وائرل ہونے پر بہن پر تشدد اور واقعہ کے پس پردہ حقائق کا علم ہوا۔ خاتون کے بھائی نے الزام عائد کیا کہ پولیس اہلکار نے مریم پرتشدد کیا اور قتل کرکے لاش ٹریک پر پھینکی، قتل کا مقدمہ درج کرنے کیلئے پولیس کو درخواست دی مگر کارروائی نہیں ہوئی۔ علاوہ ازیں خاتون کے بھتیجے غالب حماد نے اپنے بیان میں کہا کہ میں اس وقت پھوپھو کے ساتھ موجود تھا، وہ اونچی آواز میں ورد کر رہی تھیں، پولیس اہلکار نے شور مچانے پر اعتراض کیا اور تشدد شروع کردیا، پولیس اہلکار پھوپھو کو ساتھ لے گیا اور ہمیں اگلے سٹیشن پر اتار دیا۔ واضح رہے چند روز قبل چلتی ٹرین میں خاتون اور بچے پر پولیس اہلکار کے تشدد کی ویڈیو سامنے آئی تھی جس کے بعد تشدد کرنے والے اہلکار کو گرفتار کر لیا گیا بعد ازاں خاتون پر تشدد کرنے والا ریلوے پولیس اہلکار ضمانت پر رہا ہوگیا تھا۔سامنے آنے والی ویڈیو میں خاتون کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ ”مار کیوں رہا ہے، مار نہیں، مار نہیں“
ملت ایکسپریس میں خاتون کی ہلاکت پر کمیٹی قائم،پولیس والا تشدد کرکے ساتھ لے گیا پھر مریم کی لاش ملی، بہن کا بیان،مقتولہ کھڑکی سے کودی: ریسکیو
















