اسلام آباد، ریاض، دبئی، دوحہ، نیویارک، بیجنگ، پیرس، لندن، اوٹاوا، قاہرہ: (بیورو رپورٹ+ مشرق نیوز) پاکستان، سعودی عرب، چین سمیت عالمی ممالک نے بڑھتی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ایران، اسرائیل تنازع خطرناک، امن بحالی کی ضرورت ہے، فریقین تحمل سے کام لیں۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر گہری تشویش، پاکستان صورتحال کا تشویش کیساتھ جائزہ لے رہا ہے، پاکستان نے کئی ماہ سے غزہ میں جنگ بندی کےلئے بین الاقوامی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا، 2 اپریل کو شام میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کو بڑی کشیدگی کا پیش خیمہ قرار دیا تھا۔
دفتر خارجہ نے کہاپیشرفت سفارتکاری ٹوٹنے کے نتائج کو ظاہر کرتی ہے، کہا تھا خطے میں دشمنی کو روکا اور غزہ میں سیز فائر کیا جائے، تازہ واقعات سفارتکاری کی ناکامی کا مظہر ہیں۔ حالیہ واقعات سنگین اثرات رکھتے ہیں یہاں بھی اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل بین الاقوامی امن وسلامتی قائم رکھنے میں ناکام ہوئی اب صورتحال مستحکم کرنے، امن بحالی کی اشد ضرورت ہے، تمام فریقین تحمل سے کام لیں اور کشیدگی کم کرنے کی طرف بڑھیں۔
سعودی عرب نے کہاخطے میں فوجی کشیدگی بڑھنے پر گہری تشویش ہے، تمام فریقین انتہائی حد تک تحمل کا مظاہرہ اور خطے، لوگوں کو جنگوں کے خطرات سے بچانے کی کوشش کریں۔
متحدہ عرب امارات نے کہا مشرق وسطیٰ میں ایک بار پھر عدم استحکام پیدا کیا جا رہا ہے، معاملے کو مذاکرات ،سفارتی روابط سے حل کیا جائے۔ قطر نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فریقین سے تناﺅ ختم کرنے اور پرسکون ماحول کو فروغ دینے کا مطالبہ کردیا۔
روسی وزارت خارجہ نے فریقین سے تحمل سے کام لینے کی اپیل کرتے ہوئے امید ظاہر کی مشرق وسطیٰ کے ممالک مسائل سیاسی و سفارتی ذرائع سے حل کریں گے۔ مصر نے کہا خطے، عوام کو عدم استحکام و کشیدگی سے بچانے کیلئے فریقین تحمل کامظاہرہ کریں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل پر ایرانی حملے کی مذمت کرتے ہوئے فریقین سے فوری جنگ بندی کی اپیل کرتے ہوئے کہاکسی بھی ایسی کارروائی سے گریز کیا جائے جس سے بڑے فوجی تصادم کا خدشہ ہو۔
برطانوی وزیراعظم رشی سونک نے کہا ایران نے پھر دکھا دیا وہ اپنے اطراف افراتفری پیدا کرنا چاہتا ہے۔ برطانیہ اسرائیلی سلامتی کےلئے کھڑا رہیگا۔ کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے کہا ایران کی تازہ کارروائی خطے کو غیرمستحکم کریگی، جاپانی وزیر خارجہ نے کہا ایران کا حملہ مشرق وسطیٰ میں کشیدگی بڑھائے گا۔ چین نے غزہ تنازع کو موجودہ صورتحال کی وجہ قرار دیتے ہوئے کہا سلامتی کونسل کی اسرائیل حماس جنگ بندی کےلئے قرارداد پر فوری عمل اور فریقین تحمل کا مظاہرہ کریں۔
ایران اسرائیل تنازع خطرناک، امن بحالی کی ضرورت، فریقین تحمل سے کام لیں: پاکستان، عالمی برادری
















