جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 21اموات، لواحقین کی مالی معاونت کا اعلان

لاہور، کوٹری: (خبر نگار،بیورورپورٹ)پی ڈی ایم اے نے جنوبی پنجاب میں آسمانی بجلی گرنے سے 21 اموات کی تصدیق کردی، جاں بحق ہونےوالے افراد میں 9 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق رحیم یار خان میں آسمانی بجلی گرنے سے 9، بہاولنگر، بہاولپور اور لودھراں میں 3، 3 ، مظفرگڑھ، راجن پور اور کوٹ ادو میں ایک، ایک شخص جاں بحق ہوا ،صوبے میں 5 افراد زخمی بھی ہوئے۔

ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا کے مطابق جاں بحق افراد کے لواحقین کی مالی معاونت کی جائےگی، شہری بارشوں ،بجلی کی گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں، سفر سے پہلے موسم کی صورتحال کا جائزہ لیں،انسانی جانوں کے ضیاع پر بے حد افسوس ہے، قدرتی آفات کا مقابلہ ملکر و باہمی تعاون سے ہی ممکن ہے، شہری خراب موسم کی صورتحال میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

دوسری جانب کوٹری میں رات گئے آندھی کے باعث 11 ہزار کے وی لائن کے 3پول گر نے سے بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا،بجلی کی فراہمی گھنٹوں معطل رہی۔