کوئٹہ( بیورو رپورٹ) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ دہشت گردی کیخلاف جنگ صرف سیکورٹی فورسز کی نہیں ہے،امن دشمنوں کے خلاف یہ جنگ ریاست کی جنگ ہے ۔ یہ با ت انہوں نے اتوار کو امن و امان سے متعلق اعلی سطح اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ اجلاس میں آئی جی ہولیس عبدالخالق شیخ ،چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان ،اے سی ایس داخلہ زاہد سلیم سمیت اعلی سول و عسکری افسران نے شرکت کی، اس مو قع پر سانحہ نوشکی کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اجلاس میں کمشنر و ڈی آئی جی رخشان ڈویژن نے سانحہ نوشکی سے متعلق اجلاس میں بریفنگ دی ، اجلاس میں نوشکی واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت اور مستقبل میں ایسے واقعات کی بیخ کنی کیلئے سیکورٹی پلان کو از سر نو مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ یہ جنگ سیاستدان ، سول آرمڈفورسز، بیوروکریسی، عدلیہ، میڈیا سب نے لڑنی ہے۔ دہشت گردی کے خلاف ریاست کی اس جنگ کو سیاسی ذمہ داری اور مشترکہ لائحہ عمل کے ساتھ لڑیں گے، وزیراعلی بلوچستان نے سانحہ نوشکی کے شہدا کے لواحقین کو 7 روز میں معاوضوں کی ادائیگی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔
امن دشمنوں کےخلاف لڑائی ریاست کی جنگ ہے:وزیراعلیٰ بلوچستان
















