بونیر: سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 50 لاکھ سر کی قیمت والا دہشتگرد ہلاک ،2جوان شہید
بونیر( نمائندہ مشرق) سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کر کے انتہائی مطلوب دہشت گرد کو ہلاک اور اس کے 2 ساتھیوں کو زخمی کر دیا،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بونیر میں آپریشن دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر کیا گیا، آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا،آئی ایس پی آر کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں ہائی ویلیو ٹارگٹ دہشت گردوں کا سرغنہ سلیم عرف ربانی ہلاک اور 2 دہشت گرد زخمی ہوئے جبکہ دہشت گردوں سے مقابلے میں 2 بہادر جوان بھی شہید ہو گئے،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے لانس نائیک حسیب جاوید اور حوالدار مدثر محمود شہید ہوئے،حوالدار مدثر محمود شہید کا تعلق ضلع راولپنڈی سے ہے جنہوں نے 16 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں، انہوں نے سوگواران میں والدین، اہلیہ اور 2 بیٹے چھوڑے،لانس نائیک حسیب جاوید شہید کا تعلق آزاد کشمیر کے ضلع پونچھ سے ہے، لانس نائیک حسیب جاوید شہید نے 5 سال تک پاکستان آرمی میں ذمہ داریاں سرانجام دیں اور سوگواران میں والدین، اہلیہ اور ایک بیٹی چھوڑی ہے،آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گرد سلیم عرف ربانی سکیورٹی فورسز کےخلاف دہشتگردی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا، ہلاک دہشت گرد بھتہ خوری اور معصوم شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث تھا، ہلاک دہشتگرد سلیم انتہائی مطلوب تھا اور حکومت نے اس کے سر کی قیمت 50 لاکھ روپے مقررکر رکھی تھی،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے، پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

















