عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالرز کی منظوری دےدی

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پاکستان کیلئے اچھی خبر، عالمی بینک نے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالرز کی منظوری دےدی،عالمی بینک کے بورڈ آف ایگزیکٹو ڈائریکٹرز نے پاکستان کے 2 منصوبوں ڈیجیٹل اکانومی اور ’سیلاب سے بچاوکےلئے 14 کروڑ 97 لاکھ ڈالرزکی فنانسنگ کی منظوری دی ۔

ڈیجیٹل اکانومی انہانسمنٹ پراجیکٹ کےلئے 7 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز مختص کئے گئے ہیں جن سے ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی فیصلہ سازی کے ذریعے مالیاتی نظام کو بہتر بنایا جائے گا اور سرکاری اداروں کی ڈیجٹیلائزیشن کی بدولت اقتصادی کارکردگی میں بہتری، ہم آہنگی اور شفافیت کو فروغ ملے گا۔

پاکستان میں بڑھتی ڈیجیٹل اکانومی کو سپورٹ کرنا معاشی اور سماجی ترقی کےلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے،سندھ بیراجوں کی بہتری کے منصوبے کےلئے 7 کروڑ 17 لاکھ ڈالرز مختص کیے گئے ہیں جن سے سیلاب سے بچاو کو یقینی بنایا جائے گا،منصوبے سے نہری نظام کی لچک میں اضافہ ہوگا اور شدید سیلاب اور خشک سالی کے واقعات کے منفی اثرات میں کمی آئے گی،خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کےلئے ٹیکنالوجی پر مبنی مالیاتی حل تلاش کرنے اور ماحولیاتی آلودگی سے پیدا ہونے والی آفات کے خلاف خود کو مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہے۔