الہ آباد: پلاٹ پر قبضہ،متاثرہ فراد کو سنگین نتائج کی دھمکیاں

الہ آباد: (عنصر جاوید) قبضہ مافیا متحرک، بااثر قبضہ مافیا نے شریف شہری کے پلاٹ پر زبردستی قبضہ کر لیا، متاثرہ شہری کو کسی قسم کی کارروائی کرنے پر سنگین نتائج کی دھمکی، متاثرہ شہری کا وزیر اعلیٰ پنجاب، آر پی او شیخوپورہ ،ڈی پی او قصور سے فوری نوٹس لینے اور قبضہ چھڑانے کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چونیاں کھڈیاں روڈ پر بلال نامی شہری نے 2010 میں 5 مرلہ پلاٹ خریدا اور بنیادیں بھر کر چھوڑ دیا جس پر قبضہ مافیا کے سرغنہ امین نے اپنے ساتھیوں کےساتھ 2017 میں قبضہ کرنے کی کوشش کی لیکن شہری بلال کے کورٹ سے سٹے آرڈر لینے اور پولیس مداخلت پر قبضہ رک گیا اور کیس اب بھی سول کورٹ چونیاں میں زیر سماعت ہے، مالک پلاٹ علاج کیلئے لاہور گیا تو امین نے موقعے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے ساتھیوں کےساتھ رات کو پلاٹ پر قبضہ کرنا شروع کر دیا اگلے دن جب شہری بلال لاہور سے واپس آیا اور اس نے اپنے پلاٹ پر قبضہ ہوتے دیکھا تو امین نے اپنے ساتھیوں سمیت بلال پر اسلحہ تان لیا اور کسی قسم کی کوئی کارروائی کرنے کی کوشش کرنے سے روکنے کےلئے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں۔

شہری بلال نے 15 پر کال کی پولیس نے موقع پر پہنچ کر کارروائی کی، ایس ایچ او تھانہ سٹی چونیاں نے شہری بلال کے حق میں اپنی رپورٹ پیش کی اور پلاٹ پر شہری بلال کا قبضہ ہونے کی تصدیق کی تاہم پولیس نے قبضہ مافیا سے ابھی تک قبضہ نہیں چھڑا کے دیا نہ ہی ایف آئی آر درج کی، شہری بلال نے وزیر اعلیٰ پنجاب، آرپی او شیخوپورہ ریجن، ڈی پی او قصور سے مطالبہ کیا ہے کہ پلاٹ واگزار کروایا جائے۔