ایمن خان سمیت معروف پاکستانی اداکارائیں بھی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا شکار، ویڈیو وائرل

لاہور (مشرق نیوز) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارائیں ایمن خان، سارہ خان، نیلم منیر، ہانیہ عامر اور اقرا عزیز بھی آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) کا شکار ہوگئیں۔ سوشل میڈیا پر کپڑوں کے ایک برانڈ کی تشہیری ویڈیو وائرل ہورہی ہے جوکہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تیار کی گئی ہے، مذکورہ ویڈیو میں پاکستانی کی معروف اداکاراو¿ں کی اے آئی ماڈلز تیار کی گئی ہیں۔ ویڈیو میں برانڈ کے اصلی فوٹو شوٹ کے ساتھ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے تیار کردہ فوٹو شوٹ بھی دکھایا گیا ہے جس کیلئے ایمن خان، اقرا عزیز، ہانیہ عامر، سارہ خان اور نیلم منیر کی اے آئی ماڈلز بنائی گئی ہیں۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا کے مختلف پلیٹ فارمز پر وائرل ہورہی ہے جہاں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستانی اداکاراوں کی اجازت کے بغیر انکی اے آئی ماڈلز بنائی گئی ہیں۔ وائرل ویڈیو پر کچھ صارفین نے کہا کہ کسی کی اجازت کے بغیر اسکی اے آئی ماڈل بنا کر اپنی تشہیر کیلئے استعمال کرنا اخلاقیات کے خلاف ہے، صارفین نے یہ بھی کہا کہ اے آئی بہت خطرناک ہے۔ اسی طرح کچھ صارفین نے ویڈیو پر دلچسپ تبصرے کرتے ہوئے کہا کہ اس ویڈیو کے بعد تو پاکستانی ماڈلز اور اداکاراوں کا کیریئر ختم ہوتا دکھائی دے رہا ہے۔