اسلام آباد (مشرق نیوز) چینی انجینئروں پر حملے کے بعد داسو ڈیم سمیت دیگر منصوبوں پر کام بند ہونے سے ہزاروں مزدور عید سے پہلے بے روزگار ہوگئے۔ تربیلا ڈیم کے توسیعی منصوبے، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ اور دیامیر بھاشا ڈیم پر جو چین کی مختلف کمپنیاں کام میں مصروف تھیں، انہوں نے اپنا کام عارضی طور پر بند کر دیا ہے۔
منصوبہ بند ہونے سے صرف داسو ہائیڈرو پراجیکٹ پر کام کرنے والے تقریباً 600 مزدوروں کے سر پر بیروزگاری کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ ان میں سے اکثریت مزدور کوہستان کے رہائشی ہیں۔ داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے ایک اہلکار کے مطابق داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر تقریباً 550 چینی باشندے مختلف خدمات انجام دے رہے ہیں۔اس پراجیکٹ پر عملاً تمام کام چینی کمپنی ہی کر رہی ہے۔
دیامیر بھاشا ڈیم کے ایک اہلکار کے مطابق چین اور پاکستان کی عسکری کمپنی ایف ڈبلیو او مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔دیامیر بھاشا ڈیم پر کوئی 400 چینی سٹاف خدمات انجام دیتا ہے جنہوں نے اپنا کام بند کیا ہوا ہے۔انکے ساتھ کوئی تین ہزار مقامی لوگ کام کرتے ہیں اور اب ان کو بھی یہ کہا گیا ہے کہ کام عارضی طور پر بند ہے۔ تربیلا ڈیم کے پانچویں توسیعی منصوبے پر بھی چین کی کمپنی نے کام بند کردیا ہے۔ یہاں پر تقریباً پندرہ سو مقامی لوگ کام کرتے ہیں جبکہ چین کا کوئی 200 کا عملہ یہاں خدمات انجام دیتا ہے۔
مہمند ڈیم کی انتظامیہ نے دعویٰ کیا ہے کہ وہاں پر چین کی کمپنی اور انکے 250سٹاف اپنی خدمات انجام دے رہا ہے،انہیں سکیورٹی انتظامات پر اعتماد ہے۔
چینی کمپنیوں کے کام بند کرنے سے ہزاروں مزدور بیروزگار
















