مجھے زہر دیا گیا، دوبارہ کرکٹ کھیلنے کی ٹھان لی ہے: عمران نذیر

لاہور (مشرق نیوز) عمران نذیر کرکٹ کے میدانوں میں واپس آگئے اور انہوں نے اب اعلیٰ سطح پر کرکٹ کھیلنے کی ٹھان لی ہے۔ عمران نذیر نے اپنے ٹریننگ سیشن کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں نے دوبارہ کرکٹ کی طرف واپس آنے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ کھیلنے کیلئے فٹ ہونا بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اگر فٹنس لیول حاصل کرتا ہوں تو کیوں اعلیٰ سطح پر کرکٹ نہیں کھیل سکتا، میں چونکہ بہت عرصہ کرکٹ سے باہر رہا ہوں اس لیے مجھے فٹنس کیلئے تھوڑا وقت لگے گا۔ عمران نذیر نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں اور مجھے یقین بھی ہے کہ اگر میں فٹنس اور کرکٹ سکلز پر ایک دو ماہ کام کروں تو اچھی کرکٹ کھیل سکتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ اگر میں دوبارہ صحت مند ہوا ہوں تو پھر مجھے اللہ کھلا بھی سکتا ہے، میں ضرور ایک دن اچھے لیول کی کرکٹ کھیلوں گا۔ عمران نذیر نے بتایا کہ میری سِلو پوائزننگ کی گئی، اس کیلئے میں کسی کا نام نہیں لوں گا بس ان کیلئے دعا کروں گا، میری ری کوری میں بہت ٹائم لگا، 7 سال بعد کرکٹ کے میدان میں آیا، یہ میری زندگی کا ایک ڈراونا خواب تھا جسے اب میں بھلا چکا ہوں۔