ججوں کے خط پر کمیشن قائم، تصدق جیلانی سربراہ، ایگزیکٹو کی مداخلت کا الزام نا مناسب ہے: وفاقی کابینہ

اسلام آباد، لاہور (بیورورپورٹ+ کورٹ رپورٹر) وفاقی کابینہ نے ججز کے الزامات پر انکوائری کمیشن قائم کرنے کی منظوری دےدی جس کے سربراہ جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی ہوں گے،وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت ہوا جس میں مختلف امور زیر بحث آئے، بیشتر وزرا نے آن لائن شرکت کی،اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے 6 ججز کی جانب سے ایجنسیوں کے دباو ڈالنے کے الزامات پر مبنی خط کی تحقیقات پر انکوائری کمیشن قائم کرنے کی منظوری دی گئی ، کابینہ نے کمیشن کے سربراہ کیلئے ناموں پر غور کیا اور جسٹس ریٹائرڈ تصدق حسین جیلانی کے نام کی منظوری دی،کابینہ اجلاس میں مالی سال 24-2023 کے وسط مدتی بجٹ رپورٹ کا جائزہ لیا گیا اور مالی سال 22-2021 کی مشترکہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی فنانشل سٹیٹمنٹ پیش کی گئی، اجلاس میں پیپرا کی سالانہ رپورٹس کا جائزہ بھی لیا گیا جبکہ رومانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کے پروگرام پر دستخط کی بھی منظوری دی گئی،انکوائری کمیشن کے سربراہ جسٹس (ر) تصدق جیلانی نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا معاملہ حساس نوعیت کا ہے اس میں صاف وشفاف تحقیقات کی جائیں گی، یہ ایک بڑا چیلنج ہے، قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے بعد ازاں جاری اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پر انکوائری کمیشن تشکیل دے دیا اور ساتھ ہی انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز کی بھی منظوری دی،وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس میں جس میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے مندرجات پر تفصیلی غور کیا گیا، اعلامیہ کے مطابق وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط پر انکوائری کمیشن کی تشکیل کی منظوری دی اور سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی کو انکوائری کمیشن کا سربراہ نامزد کیا گیا ہے، اعلامیہ میں کہا گیا ہے وفاقی کابینہ نے انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز کی بھی منظوری دی جس کے تحت انکوائری کمیشن ججز کے خط میں عائد کردہ الزامات کی مکمل چھان بین کرے گا اور تعین کرے گا کہ یہ الزامات درست ہیں یا نہیں؟، ٹی او آرز میں یہ بھی شامل ہے کہ انکوائری کمیشن تعین کرے گا کہ کیا کوئی اہلکار براہ راست مداخلت میں ملوث تھا؟ کمیشن کو انکوائری کے دوران کسی اور معاملے کی بھی جانچ کرنے کا اختیار ہو گا،اعلامیے کے مطابق کمیشن تحقیق کرکے حقائق کی بنیاد پر کسی ایجنسی، محکمے یا حکومتی ادارے کےخلاف کارروائی تجویز کرے گا،اعلامیے میں کہا گیا ہے کابینہ نے 6 ججزکے خط میں ایگزیکٹو کی مداخلت کے الزام کی نفی کرتے ہوئے اسے نامناسب قراردیا اور کہا دستور پاکستان میں طے کردہ تین ریاستی اداروں میں اختیارات کی تقسیم کے اصول پرپختہ یقین رکھتے ہیں جبکہ تحریک انصاف نے جسٹس (ر) تصدق حسین جیلانی کی سربراہی میں بننے والا کمیشن مسترد کر دیا،بیرسٹر گوہر علی خان نے کہاہم کمیشن کو مسترد کرتے ہیں، صرف حاضر سروس ججز کا کمیشن بنایا جائے، میمو گیٹ اور الیکشن انکوائری کمیشن طرز پر کمیشن بنایا جائے، میمو گیٹ اور الیکشن انکوائری کمیشن کو اس وقت کے چیف جسٹس ناصرالملک نے ہیڈ کیا تھا،سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر بیان میں رہنما پی ٹی آئی شیرافضل مروت نے کہا جسٹس (ر) تصدق جیلانی اس کمیشن کےلئے انتہائی مس فٹ ہیں، ان کی تعیناتی چیلنج کی جائے گی،پی ٹی آئی مشاورت کے بعد تصدق جیلانی کی تعیناتی چیلنج اور آئندہ کا لائحہ عمل دے گی ادھر پنجاب بار کونسل نے سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کی بطور سربراہ تحقیقاتی کمیشن نامزدگی کو خوش آئند قرار دے دیا،وائس چیئرمین پنجاب بار کونسل کامران بشیر مغل نے کہا تصدق حسین جیلانی ایک غیر متنازعہ اور دیانتدار جج کے طور پر جانے جاتے ہیں، امید ہے تصدق حسین جیلانی معاملے کی انکوائری غیر جانبداری سے مکمل کریں گے، تصدق حسین جیلانی کی جانب سے دی جانے والی تجویز سے عدلیہ کی آزادی اور وقار میں اضافہ ہوگا۔دریں اثناءوزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے ذمہ داری کے بغیر دنیا کا کوئی نظام نہیں چل سکتا اور ہم نے 5 سالوں میں پاکستان کی معیشت کو بدلنا ہے،وفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہم نے نواز شریف کے دور 2013 سے 2018 میں دہشت گردی کا خاتمہ کیا، دہشت گردی کے خاتمے میں پاکستانی قوم اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے قربانیاں دیں مگر گزشتہ دو تین برس میں دہشت گردی کے ناسور نے دوبارہ سر اٹھایا ہے، بشام واقعہ پر پیش رفت ہوئی ہے اور معاملات سامنے لائے جا رہے ہیں، چینی انجینئرز اور ان کے خاندانوں کو ہر ممکن سکیورٹی فراہم کی جائے گی، شہباز شریف نے کہاہم سب نے مل کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہے، میں نے 5 سالہ منصوبہ کابینہ ارکین کے ساتھ شیئر کیا ہے، مقاصد کے حصول کےلئے سب وزارتوں نے سر توڑ محنت کرنی ہے، تمام وزارتوں کے اہداف کے حصول کیلئے جلد حکمت عملی اپنائی جائے جس کے بعد ہر وزارت کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا، انسانی وسائل کی کمی ہے تو بہترین یونیورسٹیوں سے قابل لوگ لئے جائیں اور اس کے علاوہ وزارتوں میں بھی بہترین سیکرٹریز موجود ہیں جن سے کام لیا جا سکتا ہے،موثر دفاعی صلاحیت کےلئے مسلح افواج کی ضروریات پورا کریں گے، ہمارے شہدا اور غازی اس قوم کے ہیرو ہیں، وزیراعظم نے کہا چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے بھی معیشت کے استحکام کیلئے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے علاوہ ازیںو زیر اعظم شہباز شریف کے زیر صدارت وزارت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق اہم اجلاس ہوا،موسمیاتی تبدیلی بارے اجلاس میں وزیر اعظم شہباز شریف کو حکومتی پالیسیوں اور منصوبوں کی حالیہ پیشرفت پر بریفنگ دی گئی،وزیر اعظم نے کہا موسمیاتی تبدیلی ایک انتہائی اہم مسئلہ ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے اور ماحولیاتی تباہی میں سب سے کم حصہ رکھنے والے ممالک میں شامل ہے، موسمیاتی تبدیلی سے مقابلہ کرنے کیلئے ایک جامع اور موثر لائحہ عمل تشکیل دینے کی ضرورت ہے، ماحولیاتی تبدیلی زراعت ، توانائی، پانی، انفرا سٹرکچر اور کئی دیگر شعبوں کے ساتھ منسلک ہے،وزیراعظم شہباز شریف نے موسمیاتی تبدیلی سے پیدا مسائل کی نشاندہی اور ان سے نمٹنے کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کر دی دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف سے روس کے سفیر البرٹ پی خوریف نے ملاقات کی جس کے دوران توانائی میں تعاون بڑھانے پر بھی بات چیت کی گئی،وزیراعظم نے ماسکو میں حملے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کیا، شہباز شریف نے کہا پاکستان روس کے ساتھ متعدد شعبوں بالخصوص توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانا چاہتا ہے،روسی سفیر نے کہا روس پاکستان کے ساتھ مضبوط تعلقات استوار کرنا چاہتا ہے، توانائی، تجارت اور سرمایہ کاری کے علاوہ روس تعلیم اور ثقافت میں بھی تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، دونوں ممالک شنگھائی تعاون تنظیم میں بھی سرگرم عمل ہیں۔