پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت دی جائے،اسلام آباد ہائیکورٹ

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا، ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دینے کی ہدایت کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کیں، چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا، جو شرائط نارمل ہوتی ہیں وہ لگائیں اس میں کوئی حرج نہیں، آپ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کر لیں ، کوئی غیر معمولی شرائط عائد نہ ہوں جو سٹینڈرڈ ٹی او آر ہوتے ہیں اس کے مطابق اجازت دیں۔

چیف جسٹس نے پی ٹی آئی وکیل کو ہدایت کی صرف یہ خیال رکھیں کہ کوئی ہنگامہ آرائی نہ ہو، پہلے والے چیف جسٹس بھی جلسے کی اجازت دیتے رہے ہیں، میں نے بھی آرڈرکیا ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد ہائی کورٹ نے بانی پی ٹی آئی کی وکلا سے جیل میں ملاقات کرانے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہا اسلام آباد کے کتنے قیدیوں کو کس طرح اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہے؟ چیف کمشنر اسلام آباد دوبارہ رپورٹ جمع کرائیں،اسلام آباد ہائیکورٹ میں بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف درخواست پر جسٹس ارباب طاہر نے سماعت کی ، اڈیالہ جیل حکام عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی اڈیالہ جیل میں کتنے مقدمات میں قید ہیں کے حوالے سے رپورٹ جمع کرا دی،جسٹس ارباب طاہر نے ریمارکس دیے اسلام آباد کے قیدیوں کو کس طرح اڈیالہ جیل میں رکھا جاتا ہے؟ کچھ تو ہو گا کوئی نوٹیفکیشن ہوگا، چیف کمشنر اسلام آباد انتظامیہ کی اڈیالہ جیل حکام کے ساتھ کیا طے شدہ ہے ، وہ عدالت میں جواب جمع کرائیں، چیف کمشنر اسلام آباد کے وکیل نے جواب جمع کرانے کےلئے وقت مانگ لیا، انہوں نے مو¿قف اپنایا معاملہ بہت پرانا ہے، لیٹر تلاش کرنے کےلئے مزید وقت دیا جائے بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔