پنجاب پبلک سروس کمیشن، نئے چیئرمین کی تقرری نہ ہوسکی، ہزاروں امیدواروں کا مستقبل داﺅ پر

لاہور (اپنے رپورٹر سے)پنجاب پبلک سروس کمیشن میں نئے چیئرمین کی تعیناتی کھٹائی میں پڑنے کی وجہ سے پنجاب بھر میں آسامیوں پر تقرری اور امتحانات کے انعقاد کا عمل رکنے کی وجہ سے ہزاروں امیدواروں کا مستقبل داﺅ پر لگ گیا۔ تفصیلات کے مطابق 14فروری کو چیئرمین پبلک سروس کمیشن ننٹ جنرل (ر)ظفر اقبال کی مدت ملازمت ختم ہونے کے بعد نئے چیئرمین کا تقرر عمل میں نہ آسکا اور نہ ہی کسی کو چیئرمین کا اضافی چارج دیا گیا جس کی وجہ سے پنجاب کے مختلف محکموں کی طرف سے خالی آسامیوں کی نہ ہی اپروول ہو سکی اور نہ ہی امتحانات کا انعقاد ہو سکا اور خالی آسامیوں کی تشہیر بھی اخبارات میں نہ دی جاسکی جس سے ہزاروں امیدواروں کا مستقبل خطرے میں پڑ گیا ہے۔ حکومت تقریباً دو ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجود نئے چیئرمین کا تقرر ابھی تک نہیں کر سکی۔ ذرائع کے مطابق جنرل (ر) عزیز کی تقرری فروری میں بتائی جا رہی تھی۔ اس طرح پی پی ایس سی کا نظام ٹھپ ہو کر رہ گیا ہے۔ پی ایم ایس،پولیس اسسٹنٹ،تحصیلدار اور دیگر امتحانات نہیں ہو سکے جبکہ سب انسپکٹر، بلڈنگ انسپکٹر و دیگر آسامیوں کے اشتہارات اخبارات میں نہیں شائع ہو سکے کیونکہ چیئرمین کی منظوری کے بغیر نہ امتحانات لئے جا سکتے ہیں اور نہ ہی محکموں کی خالی آسامیوں کی ریکوزیشن کی منظوری ممکن ہے۔ امیدواروں مایوسی کا شکار ہو گئے ہیں اور انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چیئرمین کا تقرر جلد از جلد کیا جائے۔