لاہور (اپنے رپورٹر سے) وزیراعلی ٰ پنجاب مریم نوازشریف نے بیرونی امداد سے چلنے والے ترقیاتی منصوبوں کی سخت مانیٹرنگ اور بروقت تکمیل کیلئے ان منصوبوں کے معیار، رفتار اور شفافیت کا ہر تین ماہ بعد جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے ۔یہ رہنماہدایات سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب کی زیرصدارت پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ بورڈکے اجلاس میں جاری کی گئیں۔اجلاس میں بیرونی مالی اعانت سے چلنے والے منصوبوں کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے اجلاس کو بتایا کہ عالمی بینک کے مالی تعاون سے 11 اور ایشیائی ترقیاتی بنک کے تعاون سے صوبہ پنجاب میں 8 ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے بنیادی مراکز صحت میں ایمرجنسی دیکھ بھال اور ای سی جی کی فراہمی سمیت دیگر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف عالمی بنک، ایشیائی ترقیاتی بنک اور عطیات دینے والے دیگر اداروں سے باہمی تعاون کومزید بہتر اور وسیع کرنے کی خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کی قیادت میں بہترین منصوبہ بندی اور اشتراک عمل سے صوبہ پنجاب ترقی یافتہ اورخوشحال بنے گا۔اس حوالے سے درست اعدادوشمار کی فراہمی کیلئے سوشل اکنامک رجسٹری کے قیام پر عمل درآمدکی رفتار تیزکی جائے۔اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری، وفاقی سیکرٹری ڈاکٹر کاظم نیاز اورچیئرمین پی اینڈ ڈی نبیل احمد اعوان نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرقیادت صوبہ ترقی یافتہ اور خوشحال بنے گا : مریم اورنگزیب
















