بشام،گاڑی پر خودکش حملہ، 5 چینی انجینئرز سمیت6ہلاک،ذمہ داروں کو قرارواقعی سزا دیں گے،سیاسی وعسکری قیادت

شانگلہ، اسلام آباد: (شنہوا+ مشرق نیوز+ بیورو رپورٹ) شانگلہ کے علاقے بشام میں گاڑی پر خودکش حملہ، 5 چینی انجینئرز سمیت 6 افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈی آئی جی مالاکنڈ کے مطابق چینی انجینئرز اسلام آباد سے داسو کیمپ جا رہے تھے، حملہ آوروں نے بارود سے بھری کار چینی مسافروں کی گاڑی سے ٹکرا دی، دھماکے کی شدت سے چینی انجینئرز کی گاڑی گہری کھائی میں جاگری اور آگ بھڑک اٹھی، ہلاک ہونےوالوں میں خاتون بھی شامل ہے، زخمی ڈرائیور کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا اور شاہراہ قراقرم بشام و کوہستان کے درمیان آمدورفت کےلئے بند کردی۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے آئی جی سے بشام میں دہشت گرد حملے کی رپورٹ طلب کرلی۔

پاکستان میں چینی سفارتخانے نے تصدیق کرتے ہوئے کہا دہشت گرد حملے میں 5 چینی و پاکستانی شہری مارا گیا، دہشت گردوں نے مقامی وقت دوپہر ایک بجے کے قریب چینی کمپنی کے تعمیر کردہ داسو پن بجلی گھر منصوبے کی گاڑی پر حملہ کیا۔

چینی سفار تخانے و قونصل خانے نے دہشت گردکارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے لواحقین سے گہری تعزیت کا اظہار کیا اور کہا واقعہ کے بعد کی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پاکستان کےساتھ ملکر کام کررہے ہیں، چینی مشنز نے فوری ہنگامی ردعمل پر کام شروع کردیا، پاکستان حملے کی مکمل تحقیقات کرکے مجرموں کو کڑی سزا دے، سفارتخانے نے زور دیا پاکستان میں چینی شہریوں، اداروں و منصوبوں کے تحفظ کےلئے موثر اقدامات کئے جائیں تاکہ ایسے واقعات دوبارہ رونما نہ ہوسکیں۔

دریں اثنا صدر مملکت آصف زرداری نے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے عزم کا اظہار کیا کہ پاک، چین دوستی کے دشمنوں کو اپنے مشن میں کبھی کامیاب نہیں ہونے دینگے۔

وزیراعظم شہبازشریف اسلام آباد میں چینی سفارتخانے پہنچے اورسفیر جیانگ زیڈونگ سے ملاقات کی۔ وزیراعظم نے بشام حملے میں 5 چینی باشندوں کی ہلاکت پر تعزیت کرتے ہوئے کہا مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں چینی شہریوں کے اہلخانہ کےساتھ ہیں، اعلیٰ سطح کی تحقیقات کرکے ذمہ داروں و سہولت کاروں کو قرارواقعی سزا دیں گے۔

شہبازشریف نے چینی صدر و چینی وزیر اعظم کیلئے تعزیتی پیغام دیتے ہوئے کہاپاک چین دوستی کو نقصان پہنچانے کی مذموم کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے تک جنگ جاری رکھیں گے۔

چینی سفیر جیانگ ژی ڈونگ نے وزیراعظم شہبازشریف کی سفارتخانے آمد اور واقعہ کی تحقیقات میں ذاتی دلچسپی پر شکریہ ادا کیا۔

وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی چینی سفارتخانے جاکرچینی سفیر سے ملاقات کی اوردھماکے کی تمام تفصیلات، جائے وقوعہ پر جاری ریسکیو آپریشن سے آگاہ کیا۔ وزیر د اخلہ نے کہا دکھ کی گھڑی میں پوری پاکستانی قوم چینی بھائیوں کے غم میں برابر شریک ہے، واقعہ کی جامع تحقیقات کو یقینی بنا کر ملوث عناصر سے آہنی ہاتھوں نمٹیں گے۔ پاک چین برادرانہ تعلقات پر حملہ ناقابل برداشت ہے، عظیم دوطرفہ تعلقات کو متاثر نہیں ہونے دیں گے۔

قبل ازیں اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا دشمن نے پاکستان کے انتہائی قابل اعتماد دوست ملک کے شہریوں کو نشانہ بنایا، حملہ چینی شہریوں نہیں بلکہ پاکستان پر ہے، دشمن کو حملے کا سخت جواب دیا جائیگا۔

علاو ہ ازیں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری،چاروں وزرائے اعلیٰ و دیگر سیاسی رہنماﺅں نے دہشت گرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا چین سے آنےوالے بھائیوں پر حملہ انتہائی تکلیف دہ امرہے ،دکھ کی گھڑی میں چینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔

ادھر ترجمان دفتر خارجہ نے چینی باشندوں پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا دہشتگردوں، سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کےلئے تمام ضروری اقدامات کریں گے، گھناو¿نی کارروائیاں پاکستانی قوم کے دہشت گردی کی لعنت کےخلاف لڑنے کا عزم کمزور نہیں کر سکتیں۔

دفتر خارجہ نے کہا تمام منفی قوتوں کےخلاف پورے عزم کےساتھ کارروائی کریں گے اور شکست دیں گے۔ پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل گھڑی میں چینی دوستوں کے ساتھ کھڑی ہے، حملے میں ہلاک چینی شہریوں کے اہلخانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔ پاکستان ،چین قریبی دوست، آہنی بھائی ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی و حفاظت انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ چینی شہریوں، منصوبہ جات کا تحفظ یقینی بنانے کےلئے پاکستان چینی بھائیوں سے مل کر کام کرتا رہیگا۔

دوسری جانب پاک فوج نے دہشت گرد حملے میں چینی انجینئرز کی ہلاکت پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے اہم سٹرٹیجک پراجیکٹس کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیوں کا مقصد داخلی سلامتی کو غیرمستحکم کرنا ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا بشام حملے سے پاک، چین اختلافات پیدا کرنے کی گھناونی کوشش کی گئی لیکن پوری قوم یکجہتی کیلئے اپنے چینی بھائیوں کےساتھ کھڑی ہے، چین کی غیرمتزلزل حمایت سے دہشت گردوں کو کٹہرے میں لایا جائےگا۔ دونوں ممالک ملکر دہشت گردی کی لعنت کو ختم کریں گے، قوم بزدلانہ کارروائی کی بلاامتیاز مذمت کرتی ہے، عناصر مسلسل دہشت گردی کے سرپرستوں کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں، سختی سے نمٹا جائےگا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا پاکستان، سٹرٹیجک اتحادیوں بالخصوص چین کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی شعوری کوشش کی جا رہی ہے، بعض غیرملکی عناصر اپنے مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہیں، تشدد کی گھناو¿نی کارروائیاں عزم کو پست نہیں کرسکتیں، تربت و گوادر میں دہشت گردی کی مذموم کوششوں کو ناکام بنایا، پاکستان دہشت گردی کےخلاف بطور فرنٹ لائن ریاست مقابلہ کرنے والا واحد ملک ہے، چین کی غیر متزلزل حمایت سے دہشت گردی میں ملوث افراد کو جوابدہ ٹھہرائے جانے کو یقینی بنائیں گے، یقینی بنایا جائیگا۔ دہشت گرد مناسب انجام تک پہنچیں، ملکر مصیبت و برائی پر غالب آئیں گے۔