لاہور چیمبر قیادت کیخلاف پانیئر گروپ کے ای سی ممبر اور کارِ خاص کی ریشہ دوانیاں

لاہور (رپورٹ: نعیم جاوید) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی منتخب قیادت کے خلاف پانیئر گروپ کے ای سی ممبر یوسف شاہ اور ان کے کار خاص میاں عمران اصغر کی سازشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے تحت ملازمین کو دھمکانے، بغیر لائن اپنے لوگوں کی فیس جمع کرانے اور صدر کاشف انور سے بدلہ لینے کے نعرے لگانا شامل ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کی ممبر شپ تجدید کی آخری تاریخ 31 مارچ ہے، رش کے پیش نظر صدر کاشف انور نے فیس جمع کروانے کا وقت شام 6 بجے تک کر دیا ہے، اسکے باوجود یوسف شاہ کے کہنے پر میاں عمران اصغر جو کہ اپنے آپ ( ریٹائرڈ بریگیڈئیر ) بھی کہتا ہے مختلف کاﺅنٹر پر جا کر بغیر لائن کے فیسیں جمع کرواتا ہے اور ساتھ دھمکیاں بھی لگاتا ہے کہ فوری فیس جمع کرو، ستمبر میں ہمارا گروپ جیت جائیگا جو کہنا نہیں مانے کا وہ نوکری سے فارغ اور جو مانے گا اسکی تنخواہ ڈبل کر دی جائیگی۔ روزنامہ ”مشرق“ لاہور سے گفتگو کرتے ہوئے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ایک ملازم نے بتایا کہ یوسف شاہ کا کار خاص میاں عمران اصغر بریگیڈئر صبح 9 بجے لاہور چیمبر داخل ہوتا ہے اور شام 6 بجے واپس جاتا ہے۔ لاہور چیمبر کے تمام شعبوں میں مداخلت کرتا ہے، اسکی انہی حرکات کی وجہ سے لاہور بزنس مین فرنٹ کے چیئرمین چوہدری امجد نے اسے نوکری سے نکال دیا تھا۔ اب یہ یوسف شاہ اور شاہد نذیر کا ملازم ہے، اس کا کام سارا دن لاہور چیمبر آف کامرس کے مختلف شعبوں میں جا کر بیجا مداخلت کرنا ہے۔