لاہور(کامرس رپورٹر) ملک کے ممتازصنعتکار روںکاشف انور، ڈاکٹر ارشد،منظور ملک،امجد چوہدری نے سوئی نادرن گیس پائپ لائن کی طرف سے ایک سال میں2بار ہوشربا اضافوں کے بعد ایک بار پھر تیسری مرتبہ گیس کی قیمتوں میں155فیصد اضافہ کی درخواست پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی مقاصد کیلئے گیس کی قیمتوں میں پہلے ہی ہوشربا اضافہ ہوچکا ہے اب ایک بار پھر 155فیصد اضافہ سے صنعتی شعبہ تباہی کا شکار ہوجائیگا۔ مہنگی، گیس و بجلی سے صنعتی شعبہ کی پیداواری لاگت میں اضافہ سے اشیاءمہنگی اور مہنگی اشیاءکے باعث بیرون ملک ان کی مانگ میں کمی سے برآمد کمی کا شکار ہونگیں جس سے زرمبادلہ کے ذخائر کم اور حکومت کی مالی مشکلات میں اضافہ ہوگا اور حکومت کو مزید قرضوں کیلئے آئی ایم ایف کے پاس جانا پڑیگا۔ انہوںنے کہا کہ گیس اور بجلی کی قیمتوںمیں آئی ایم ایف کی ایما پر اضافہ کی تیاری کی جائے رہی ہے جس سے صنعتی ترقی کا عمل رک جائیگا اور صنعت و تجارت تباہی کا شکار ہوگی ۔ا ن خیالات کا اظہار انہوں روز نامہ”مشرق “ سے گفتگو کرتے ہوئے کےا۔ انہوںنے کہا گیس، بجلی صنعتوں کا خام مال ہے، اسکی قیمتوں میں کمی لائی جائے تو اس سے نہ صرف ملکی برآمدات میں اضافہ سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھیں گے اور ملک کو مزید قرضوں سے نجات ملے گی ۔گیس کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ صنعتی ترقی کیلئے نقصان دہ ہے اسلئے حکومت گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی درخواست کو مسترد کردے اور انڈسٹریز پر مزید بوجھ نہ ڈالا جائے ۔
گیس قیمتوں میں تیسرے بڑے اضافے کی درخواست تشویشناک ہے: صنعتکار


















