پاکستان، افغانستان تعلقات محاذ آرائی کی طرف نہیں جانے چاہئیں: احسن اقبال

بد وملہی (نامہ نگار)مسلم لیگ(ن)کے رہنما اور وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اس بات کو بھی یقینی بنانا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات کسی کشیدگی یا محاذ آرائی کی طرف نہ جائیں کیونکہ ہمارے دشمن چاہیں گے کہ پاکستان اور افغانستان کو تنا ﺅمیں الجھا دیا جائے۔ عوام کے ووٹ کی طاقت سے مسلم لیگ (ن) برسر اقتدار آئی ہے جس نے اپنے ہر دور حکومت میں آکر ملک کی ترقی و خوشحالی کو بہتر بنانے کیلئے کام کیا اور ہمیشہ کی طرح مسلم لیگ (ن) ہی عوام کو مہنگائی اور بے روزگاری سے نجات دلائے گی مسلم لیگ (ن) کے بغیر ملک کو شدید بحرانوں سے کوئی نہیں نکال سکتا ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے یو سی بدملی کے سابق چیئرمین چوہری امجد فروغ گجر اور بدو ملی پریس کلب کے ممبر عبدالغفار باجوہ پر مشتمل ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی نالائق اور نااہل حکومت کی ناقص پا لیسیوں کی وجہ سے عمران نیاز ی نے اپنے ساڑھے تین سالہ دور اقتدار میں الزم تراشی کی سیاست کرنے کے سوا کوئی کام نہیں کیا ۔ملک کو ترقی و خوشحالی پر گامزن کرنے کی بجائے ملک کی معیشت کو تباہ کیا اور ملک و قوم کو شدید بحرانوں میں دھکیل دیا جس کے باعث عوام بدحالی کا شکار ہےںمگر ہماری پوری کوشش ہے کہ وزیراعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو دوبارہ بہتری کی طرف لے کر جائیں تاکہ ملک دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔ ملک سے مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ کرنا ہماری حکومت کی اوّلین ترجیح میں شامل ہے تاکہ عوام اس وقت مہنگائی اور بیروزگاری کی وجہ سے پریشان ہیں، انہیں فوری طور پر پریشانی سے نجات مل سکے ۔