ریاض :(نمائندہ خصوصی)سربراہ پاک فوج جنرل سید عاصم منیر کی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات ،دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون ،علاقائی اور عالمی مسائل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کاشاہی محل آمد پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے خیرمقدم کیا،ملاقات میںباہمی تعلقات ،عسکری و دفاعی تعاون، علاقائی اور عالمی مسائل پر بھی بات چیت ہوئی،وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان،نائب وزیر دفاع انجینئر طلال عبداللہ العطیبی ، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان کے سعودی عرب میں سفیر احمد فاروق و دیگر اعلیٰ عہدیدار بھی موجود تھے، سعودی چیف آف جنرل سٹاف جنرل فیاض بن حامد الرویلی بھی ملاقات میں شریک رہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے پاک سعودی تاریخی برادرانہ تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا سعودی عرب ،پاکستان کے تاریخی برادرانہ و مضبوط تعلقات ہیں، دونوںہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ،شہزادہ محمد بن سلمان نے پاک سعودی تعلقات مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا سعودی عرب مستقبل میں بھی ہمیشہ پاکستان کےساتھ کھڑا رہے گا،آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے پاکستان کیلئے حمایت اور گرم جوشی کے جذبات پر سعودی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
آرمی چیف کی ملاقات،پاکستان کےساتھ کھڑے رہیں گے،سعودی ولی عہد

















