وزیراعظم سمیت کابینہ اراکین کا تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ

اسلام آباد (مشرق نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سمیت کابینہ اراکین نے رضاکارانہ طور پر تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کابینہ اجلاس ہوا جس میں چار نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا۔ کابینہ اراکین نے تنخواہیں اور مراعات نہ لینے کا فیصلہ حکومتی سطح پر کفایت شعاری کی ترویج کے تناظر میں لیا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کابینہ کو آئی ایم ایف کے ساتھ سٹاف لیول ایگریمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی جس میں بتایا گیا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے سے ملکی معیشت میں بہتری آئیگی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں مزید اضافہ متوقع ہے۔ کابینہ نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز ہولڈنگ کمپنی تشکیل کرنے کی منظوری دیدی جو کہ پی آئی اے کی نجکاری کی طرف ایک اہم پیشرفت ہے۔

وفاقی کابینہ نے میر علی دہشت گرد حملے کے شہدا کو خراج عقیدت اور ان کیلئے خوانی کی، کابینہ نے ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے کا عزم کیا۔ کابینہ اجلاس میں ملکی معاشی اور سکیورٹی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ آئی ایم ایف کے ساتھ ہونے والے مذاکرات پر بھی کابینہ کو اعتماد میں لیا گیا۔ کابینہ نے پی آئی اے کی نجکاری کے معاملہ کا جائزہ لیا جبکہ شیریں مزاری کی حراست کی تحقیقات کیلئے قائم کمیشن رپورٹ اور حیدر آباد کی بینکنگ کورٹ کی بحالی کا بھی جائز ہ لیا گیا۔ اجلاس میں ای سی سی کے فیصلوں کی بھی توثیق کی جائیگی۔