حسن ،حسین نواز نیب ریفرنسز،عمران خان 2 مقدمات میں بری،گنڈا پور کے وارنٹ

اسلام آباد، راولپنڈی: (بیورو رپورٹ) سابق وزیراعظم نوازشریف کے صاحبزادے حسن، حسین نواز فلیگ شپ، ایون فیلڈ اور العزیزیہ ریفرنسز میں بری، اسلام آباد کی احتساب عدالت نے بریت درخواستوں پر محفوظ فیصلہ سنایا۔

دوران سماعت حسن، حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح، نیب پراسیکیوٹرز احتساب عدالت میں پیش ہوئے، جج نے نیب ڈپٹی پراسیکیوٹر سے سوال کیا درخواست پر آپ کی رپورٹ آنی تھی؟ ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے جواب دیا کیس میں سپریم کورٹ کا فیصلہ رکاوٹ نہیں، عدالت کیس کا فیصلہ کر سکتی ہے، احتساب عدالت نے نیب ڈپٹی پراسیکیوٹر سے کہا آپ کا بیان ریکارڈ کرلیتے ہیں، ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب اظہر مقبول نے دلائل دیتے ہوئے کہا آپ میرا بیان ریکارڈ کرلیں، کیس نیب ترامیم سے متعلق نہیں ،ہائی کورٹ نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کا فیصلہ کر چکی، مریم نواز کی بریت کےخلاف اپیل دائر نہیں کی تھی، حسن، حسین نواز پر سازش و معاونت کا الزام ہے، کیسز میں مرکزی ملزم بری ہوچکے ہیں۔

وکیل صفائی قاضی مصباح نے جوابی دلائل دیتے ہوئے کہا جن دستاویزات پر مریم نواز کو بری کیا گیا انہی پر نواز شریف کی بریت ہوئی، فیصلے کی کاپی ہائی کورٹ کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے،وکیل صفائی نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے مختلف فیصلوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا مریم نواز کےخلاف ریفرنس میں نیب کوئی شواہد پیش نہیں کر پایا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے مریم نواز، نوازشریف کو کیس سے بری کیا، العزیزیہ کیس میں دسمبر 2023 میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کی اپیل منظور کی، نیب نے نواز شریف کی اپیل منظور ہونے کے فیصلے کو چیلنج نہیں کیا، نیب نے مزید شواہد نہیں رکھے جن کی بنیاد پر حسن ،حسین نواز پر مقدمہ چلایا جائے، موجود شواہد پرحسن، حسین نواز کو سزا نہیں ہوسکتی، دونوں کےخلاف کیس چلانا عدالتی وقت ضائع کرنا ہوگا، مرکزی ملزم بری ہو گئے تو معاونت کے الزام میں کیس چل ہی نہیں سکتا، فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف ٹرائل کورٹ سے بری ہو گئے تھے، ٹرائل کورٹ کے فیصلے کےخلاف نیب نے 29 نومبر 2023ءکو اپیل واپس لے لی۔

دلائل مکمل ہونے پر اسلام آباد کی احتساب عدالت نے فیصلہ محفوظ کیا، بعدازاں فیصلہ سناتے ہوئے حسن، حسین نواز کو تینوں ریفرنسز میں بری کرتے ہوئے درخواستیں منظور کرلیں۔

دوسری جانب اسلام آباد کی احتساب عدالت نے صدر مملکت آصف زرداری، سابق وزرائے اعظم نوازشریف، یوسف رضا گیلانی و دیگر کےخلاف توشہ خانہ گاڑیوں کیس میں نیب سے آئندہ سماعت پر رپورٹ طلب کر لی، دوران سماعت نیب پراسیکیوٹر اظہر مقبول شاہ نے کہا نوازشریف نے شامل تفتیش کرنے کی درخواست دی تھی ، نواز شریف کو شامل تفتیش کرلیا گیا اب تفتیشی افسر دستیاب نہیں، تفتیش کی روشنی میں رپورٹ پیش کریں گے کیس چلایا بھی جاسکتا ہے یا نہیں؟ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت سے استدعا کی آئندہ ماعت تک کا وقت دے، رپورٹ جمع کرا دیں گے، عدالت نے رپورٹ طلب کرتے ہوئے کیس کی سماعت 17 اپریل تک ملتوی کردی۔

دریں اثنا عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو لانگ مارچ ، توڑپھوڑ کے 2 مقدمات میں بری کردیا، جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے بانی پی ٹی آئی کی بریت و پروڈکشن درخواست پر سماعت کرتے ہوئے عدالت میںپیش کرنے کی درخواست مسترد کردی۔

وکیل نعیم پنجوتھا نے دلائل دیتے ہوئے موقف اپنایا بانی پی ٹی آئی پر تمام مقدمات میں الزامات صرف ایما کی حد تک ہیں ایک ہی دن میں متعدد مقدمات درج ہوئے، بانی پی ٹی آئی کا ایک ہی طرح کا کردار رکھا، دفعہ 144 کے نفاذ کا نوٹیفکیشن جاری کیاگیا نہ بتایاگیا، مدعی ایس ایچ او ہے جس کو مقدمہ درج کرنے کا اختیار نہیں،بانی پی ٹی آئی پر درج مقدمات میں گواہوں کے بیانات بھی نہیں۔

جج شائستہ کنڈی نے ریمارکس دئیے کیا پہلے بھی بانی پی ٹی آئی مقدمات میں بری ہوچکے؟ وکیل نے کہا بانی پی ٹی آئی متعدد مقدمات سے بری ہو چکے ہیں،عدالت نے بریت درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں مقدمات میں بری کردیا۔

علاوہ ازیں خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو، آرمی میوزیم، حساس ادارے کے دفتر، میٹرو سٹیشن حملہ سمیت جلاو¿ گھیراو¿ کے 12 مقدمات میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سمیت پی ٹی آئی کے23 اراکین و رہنماو¿ں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

ملزموں میں شبلی فراز، مراد سعید، زرتاج گل، شیریں مزاری،زلفی بخاری، شہباز گل، مسرت جمشید چیمہ، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ اکرم ساہی، سابق وزیر قانون بشارت راجہ و دیگر شامل ہیں۔