مکہ مکرمہ:(مشرق نیوز) جمعیت علماءاسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے مکہ مکرمہ میں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام مسالک کے مابین وحدت کے عنوان سے بین الاقوامی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا فلسطینی جس دردناک صورتحال کا سامنا کررہے ہیں وہ ہم سے وحدت و اتفاق کا تقاضا کرتی ہے آج فلسطین میں قابض صہیونی قوت عالمی طاقتوں کی پشت پناہی سے انسانی اقدار کو پامال کررہی ہے، بچوں، عورتوں، بیماروں اور بوڑھوں کو قتل کیا جارہا ہے ان پر ظلم و تشدد کے غیر انسانی طریقے اختیار کیے جارہے ہیں اور ان کا سخت ترین محاصرہ کیا جارہا ہے ایسے میں امت مسلمہ کی شرعی اخلاقی اور انسانی ذمہ داری اور فرض ہے وہ ان کے تحفظ کےلئے ضروری اقدامات اٹھائے،فلسطین مسلمانوں کی سرزمین ہے جس کا ہم پر حق ہے ،مسجد اقصیٰ کا ہم پر حق ہے فلسطینیوں کا ہم پر حق ہے ،حقوق کی ادائیگی کےلئے کمربستہ ہونا ہوگا۔
فضل الرحمن نے کہااسرائیل جس طرح امریکہ کی پشت پناہی سے انسانی حقوق پامال کررہا ہے اس کے بعد امریکہ کیسے دنیا کے سامنے انسانی حقوق کی بات کرسکتا ہے،آج امت مسلمہ کو وحدت کی ضرورت ہے ہم دنیا بھر کے مہمانان گرامی سے کہا مسالک کے درمیان پل بننے کی ضرورت ہے ،اپنے رویوں کی اصلاح کریں، اعتدال اختیار کریں اور افراط و تفریط سے اجتناب کریں اختلاف کے اظہار کےلئے نرم روئیے اختیار کریں تو وحدت کی طرف بڑھا جاسکتا ہے، جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے مزید کہا سعودی عرب آگے بڑھ کر قائدانہ کردار ادا کرے اور امت مسلمہ کا مشترکہ فورم قائم کرکے مشترکہ دفاع کا راستہ اختیار کرے تاکہ منظم ہوکر دشمن کا مقابلہ کر سکیں ورنہ ہر اسلامی ملک کو عراق، لیبیا، افغانستان اور شام جیسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور ایک ایک کرکے ہمارا گلا دبایا جاتا رہے گا، ہمیں غیر ضروری امور میں الجھایا جارہا ہے جس سے امت مسلمہ کے بجائے عالمی طاقتوں کا مفاد وابستہ ہے ہمیں پوری دانشمندی سے اپنے راستے کا تعین کرکے امت مسلمہ کو مسائل سے نکالنا ہے اور مظلوم فلسطینیوں کا پشتیبان بننا ہے۔
اتحاد ناگزیر ورنہ ہر اسلامی ملک عراق، لیبیا، افغانستان ،شام بن سکتا ہے،فضل الرحمن

















