اسحاق ڈار سے چینی سفیر کی ملاقات،سی پیک فیز ٹوکی اعلیٰ معیار کی ترقی پر اتفاق

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے چین کے سفیر جیانگ زیڈونگ نے ملاقات کی جس میں سی پیک کے فیز ٹوکی اعلیٰ معیار کی ترقی پر اتفاق کیا گیا۔

دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران وزیر خارجہ نے کہا پاک چین ہمہ موسمی سٹریٹجک کوآپریٹو پارٹنرشپ دونوں ممالک کی ترقی اور خوشحالی اور علاقائی امن و استحکام کےلئے ناگزیر ہے، وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کےلئے دونوں ممالک کی قیادت کے غیر متزلزل عزم کا ذکر کرتے ہوئے دونوں ممالک کی قیادت کا دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کے فیز ٹو کو آگے بڑھانے کےلئے مشترکہ کوششوں کےلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے چین کی جانب سے پاکستان کو دی جانے والی خصوصی اہمیت اور پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی، صنعتی اور زرعی تعاون کےلئے بھرپور حمایت پر زور دیا، انہوں نے وزیر خارجہ سے سی پیک کے فیز ٹوکی اعلیٰ معیار کی ترقی پر بھی اتفاق کیا۔