پاکستان ،بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کے تحت ویزے جاری کئے جائینگے :سردار رمیش سنگھ اروڑہ

لاہور (سپیشل رپورٹر) پردھان پاکستان سکھ گورودوارہ پربندھک کمیٹی/ صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے 10 ممبران کے ہمراہ متروکہ وقف املاک بورڈ کے کمیٹی روم میں ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سب سے پہلے میر علی چیک پوسٹ پر حملے کی پرزور مذمت کی اور کہا کہ اسطرح کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے سکھ یاتریوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ماہ اپریل میں ” بیساکھی میلہ اور گردواروں کے امور کے بارے میں میڈیا نمائندگان کو تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اسی سال تین گوردواروں کو فعال کرائیں گے۔ انکا کہنا تھا کہ 2018ءمیں سکھ میرج ایک پاس کرایا تھا اور اب بہت جلد صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد لاگو کروائیں گے۔ رمیش سنگھ نے کہا کہ پاکستان گوردوارہ پربندھک کمیٹی نوٹیفائی ہو چکی ہے، 10 رکنی کمیٹی اپنے تمام تر امور کی جوابدہ ہو گی تاہم گوردواروں کے معاملات کو بخوبی چلا نے کیلئے کمیٹی کا سیکرٹریٹ بنانے جا رہے ہیں۔ رمیش سنگھ نے اس بات پر زور دیا کہ گوردواروں کی زمینوں پر قبضے ختم کرائیں گے اور سکھ یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنانے کیلئے بھارتی سکھ یاتریوں کے خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ سکھ یاتریوں کی رہائش کیلئے گوردواروں میں جگہ بنائی جائیگی۔ رمیش سنگھ نے کہاکہ پاکستان اور بھارت کے مابین طے شدہ پروٹوکول کے تحت ویزے جاری کئے جائیں گے جبکہ حکومت پاکستان نے بیساکھی میلہ تقریبات کے انعقاد کیلئے شیڈول کی منظوری دیدی ہے۔ یاتری 13 اپریل کو واہگہ چیک پوسٹ کے راستے پاکستان پہنچیں گے۔ یاتریوں کو پاکستان میں قیام، طعام، میڈیکل کی سہولیات مفت فراہم کی جائیں گی جبکہ سیکورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا رہے ہیں۔ رمیش سنگھ نے مزید کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے یاتریوں کیلئے بہترین انتظامات کے احکامات دے رکھے ہیں اور امید ہے کہ خصوصی ٹرین سے سکھ یاتریوں کی گوردواروں کی یاترا آسان ہوجائیگی۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ بھارتی سکھ یاتریوں کا لاہور میں قیام بڑھا کر دو روز کر رہے ہیں۔ مقامی سکھ یاتریوں کیلئے کرتار پور میں پانچ ڈالر فیس ختم کر رہے ہیں جبکہ 10 رکنی سکھ انٹرنیشنل ایڈوائزری کونسل بنا رہے ہیں اور ایڈوائزری کونسل کی سفارشات پر عملدرآمد کیا جائیگا۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے مختلف سوالات کے جواب میں کہا کہ پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کا لاہور میں مرکزی دفتر بنائیں گے تاہم یہ اقدام قابل فخر ہے کہ پہلی مرتبہ کوءخاتون کمیٹی کی جنرل سیکرٹری بنی ہے تاہم چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں کمیٹی کے سب آفس بنائیں گے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ سکھوں کی زمینوں پر قبضے ختم کروائیں گے جبکہ بیساکھی تہوار سے سکھ میرج ایکٹ کو لاگو کر نے کے لئے کوشاں ہیں۔رمیش سنگھ اروڑہ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اپنی وزارت کا پانچ سالہ روڈ میپ بنا رہے ہیں تاکہ ملک میں مذہبی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔رمیش سنگھ اروڑہ نے کہاکہ پہلی بار سکھ کمیونٹی کو صوبائی کابینہ میں شامل کر کے دنیا بھر میں مثبت پیغام دیا گیا ہے جبکہ تمام وفاقی،صوبائی اور ضلعی ادارے ایک پیج پر ہیں۔ رمیش سنگھ نے مزید کہا کہ نانک شاہی کیلنڈر کا باقاعدہ آغاز کردیا گیا ہے جبکہ مہمانوں کی سیوا کرنا ہمار فرض ہے ، اور ہم اپنا فرض بخونی سر انجام دیں گے۔