بدوملہی (نامہ نگار)وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انرجی چودھری بلال اکبر خاں کا ڈھلی میں شاندار استقبال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسرا حسن چودھری اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انرجی چودھری بلال اکبر خاں وزارتیں سنبھالنے کے بعد جب پہلی دفعہ ڈھلی پہنچے تو یونین کونسل داتے وال کے سابق چیئرمین رانا عظیم فضل ایڈووکیٹ کی قیادت میں لوگوں نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور خوشی کااظہار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے حوالے فلک شگاف نعرے لگائے ۔اس موقع وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے معاشی و ترقیاتی ترجیحا ت کا درست تعین منصوبہ بندی کمیشن کی اہم ترین ذمہ داری ہے ۔ اپوزیشن کا جمہوری عمل کا حصہ بننا خوش آئند ہے ۔ ہماری سیاست ایک طرف مگر ملکی مسائل کے حل کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا۔ ان خیالات کااظہار وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی پروفیسرا حسن اقبال نے ڈھلی میں استقبالیہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ ہمارا سب کا یہ حق ہے کہ اپنے تمام تر اختلافات کو ایک طرف رکھے اور ملک کی ترقی و خوشحالی کیلئے مل کر کام کریں۔ ہم نے ہمیشہ اپنے حلقہ کی عوا م کی خدمت اور ملک کی ترقی کو اہمیت دی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حالیہ انتخابات میں حلقہ کے عوام نے ووٹ کی طاقت سے ہمیں اپنا نمائندہ منتخب کیا ہے ۔ ہم اپنے حلقہ کے عوام کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے ہمیں دوبارہ اسمبلی میں جانے کا موقع دیا۔ وفاق اور پنجاب میں مسلم لیکی حکومت بننے سے عوام خوش ہے۔ کیونکہ انکو یہ بات معلوم ہے کہ مسلم لیگ ن کے ہر دورہ حکومت میں پاکستان نے ترقی کی منازل طے کیں ۔ وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی قیادت میں دوبارہ ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہوں پر گامزن کریں گے۔ ملک سے مہنگائی اور بے روز گاری کاخاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ مسلم لیگ نے انتقامی نہیں بلکہ مصالحیت کی سیاست کی ہے ۔ سیاسی مقاصد سے ہٹ کر ہم عوام کی خدمت کے لیے ہمہ وقت حاضر ہیں ۔ مسلم لیگ ن ملک کو بحرانوں سے نکالے گی ۔ کیونکہ مسلم لیگ ن ملک ترقی و خوشحالی کی ضامن ہے ۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران نیازی نے جب حکومت چھوڑی تو ملک کے مسائل اس قدر بڑھ چکے تھے کہ ملکی آمدنی سے زیادہ ملک پر قرضوں کا بوجھ تھا ۔ صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ اینڈ انرجی چودھری بلال اکبر خاںنے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ امن کی سیاست کرتے ہوئے ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ریکارڈ ترقیاتی منصوبہ جات مکمل کروائے مگر پی ٹی آئی کی حکومت نے ملک کو قرضو کے بوجھ تلے کرتے ہوئے مزید بحرانوں میں دھکیل دیا جس سے عوام بدحالی کا شکار رہے ہمارا یہ مشن ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ملک کر پاکستان کی ترقی وخوشحالی کی راہوں پر گامزن کریں گے۔
درپیش ملکی مسائل اور چیلنجز کے حل کیلئے سب کو مل جل کر کام کرنا ہوگا: احسن اقبال
















