اسلام آباد (مشرق نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ صدر مملکت نے شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں شہید ہونیوالے لیفٹیننٹ کرنل سید کاشف علی اور کیپٹن محمد احمد بدر کے جنازے میں شرکت کی اور شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا۔
شہید فوجی جوانوں کی نمازجنازہ میں شرکت کے موقع پر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ملک میں دہشت گرد کارروائیاں کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں گے، دہشت گردوں سے جوانوں کے بہائے گئے خون کا خراج لیں گے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہمارے بہادر بھائی، بیٹے اور دوست سرحدوں کی حفاظت کر رہے ہیں، وعدہ کرتا ہوں کہ ہمارے بیٹوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، پاکستان کے عوام اور فوج ایک ساتھ ہیں، ملکر دہشت گردوں کا مقابلہ کریں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں لیفٹیننٹ کرنل اور کیپٹن سمیت 7 فوجی جوان شہید ہوئے، جوابی کارروائی میں 6 دہشت گرد بھی مارے گئے تھے۔
دہشت گردوں کو منہ توڑ جواب دیں گے: صدر مملکت آصف علی زرداری
















