اسلام آباد:(بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس عامر فاروق نے عمران خان ،شاہ محمود قریشی کی سائفر کیس میں فیصلے کےخلاف اپیل پر سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ایف آئی آر ہو گئی تو بندہ اٹھا لو کامائنڈ سیٹ افسوسناک ہے۔
ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹرز حامد علی شاہ اور ذوالفقار نقوی نے تیاری کیلئے وقت مانگتے ہوئے کہاابھی کیس کی پیپر بک تیار نہیں ہوئی، کیس ایک مرتبہ شروع ہو گیا تو غیر ضروری التوا نہیں مانگا جائے گا، پہلے کیس کے تمام ریکارڈ کا جائزہ لینا ہے، عدالت عالیہ نے پراسیکیوٹر کی استدعا مسترد کر دی۔
جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے دلائل شروع کرلیں کون سا ایک دن میں دلائل مکمل ہو جانے ہیں ،پراسیکیوٹر نے کہا کیس کی تیاری کےلئے وقت درکار ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے آپ کے پاس دن ہیں تیاری کر لیجیے گا ،جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے آپ کچھ حقائق توسامنے رکھنے دیں،بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے موقف اختیار کیا عدالت نے گزشتہ سماعت پر واضح کیا تھا التوا نہیں ملے گا، مجرموں کو کیس میں مختلف دفعات کے تحت سزائیں سنائی گئیں ، 28 مارچ کو بنی گالہ میٹنگ کو سازش قرار دےکر مرکزی ملزم قرار دیا جاتا ہے، 15 اگست 2023 کو مقدمے کا اندراج ہوا، مبینہ جرم کے 17 ماہ بعد مقدمہ درج کیا گیا۔
وکیل نے کہا دفتر خارجہ دستاویز میں کہا گیا غلط استعمال و ٹوئسٹ کی گئی، کیس میں مدعی یوسف نسیم کھوکھر سیکرٹری داخلہ بنے، کیس تو وزارت خارجہ کا تھا ،سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کا ایف آئی اے نے بیان ریکارڈ کیا، ایف آئی اے نے اپنے ہی ملزم کا سٹیٹس ملزم سے تبدیل کر کے گواہ کا کر دیا،بیرسٹر سلمان صفدر نے کہاجس روز 161 کا بیان ریکارڈ ہوا اسی روز 164 کا بیان ریکارڈ کرایا گیا، وعدہ معاف گواہ بھی نہیں کہا جا سکتا، بانی پی ٹی آئی عمران خان ، شاہ محمود قریشی، اعظم خان اور اسد عمر کو ملزم بنایا گیا ، اسد عمر نے درخواست ضمانت دی ،زیر التوا رہی پھر واپس لے لی، 164 کے بیانات مجسٹریٹ کے سامنے اعظم خان کے ریکارڈ ہوئے۔
جسٹس گل حسن نے استفسار کیا کیا 164 کی ضروریات پوری ہوئیں ؟وکیل نے کہا میری نظر میں پوری نہیں ہوئیں ، اسد عمر ، اعظم خان کو درست خانوں میں بھی نہیں ڈالا ، ایف آئی آر کہتی ہے اعظم خان ملزم ،چالان کہتا گواہ ہے ، کسی ملزم کو وعدہ معاف گواہ بنانے کا قانون میں طریقہ کار طے ہے،بیرسٹر سلمان صفدرنے کہا اعظم خان ملزم تھا گواہ کیسے بنا پراسیکیوشن ہی بتا سکتی ہے، اعظم خان پہلے جون میں لاپتہ ہوا پھر پٹیشن فائل ہوئی ایف آئی آر درج ہوئی،جسٹس گل حسن نے استفسار کیا کیا سب کچھ کیس کا حصہ ہے ؟وکیل نے کہاریکارڈ کا حصہ نہیں کیونکہ ہم وکیل ہی نہیں رہے تھے، اعظم خان کے 164 اور ٹرائل کے دوران والے بیان میں فرق ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا کیا اعظم خان پر جرح ہوئی؟ سلمان صفدر نے کہا ہم نے نہیں کی،جسٹس گل حسن اورنگزیب نے استفسار کیا ڈیفنس کونسل نے اعظم خان کے مبینہ اغوا پرکوئی سوال نہیں کیا؟ سلمان صفدر نے کہا نہیں۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے اگر کسی کو ڈیفنس کونسل مقرر کیا جاتا ہے تو اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوتی ہے ،جسٹس گل حسن نے استفسار کیا کیا سٹیٹ کونسل نے تمام حقائق جانتے ہوئے بھی سوال نہیں کیا؟، بیرسٹر سلمان صفدر نے کہا ڈیفنس کونسل نے 48 گھنٹوں میں 21 گواہوں پر جرح مکمل کی۔
جسٹس میاں گل حسن نے استفسار کیا کیا ڈیفنس کونسل مقرر کرنے کیلئے کوئی عدالتی آرڈر کیا گیا؟ وکیل نے کہاسکندر ذوالقرنین ایک دن پیش نہیں ہوئے اور سرکاری وکیل مقرر کر دیئے گئے، شاہ محمود قریشی کے وکیل انتخابی مہم کی وجہ سے پیش نہیں ہو سکے تھے،چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے گرفتاری کے کچھ تقاضے ہیں، عدالت کی ججمنٹس بھی ہیں، غلط طریقہ ہے ایف آئی آر ہو جائے تو بندہ گرفتار کرنا ہے، مہذب دنیا میں پریکٹس ہے پہلے تفتیش و انکوائری کیلئے بلایا جاتا ہے اگر کوئی چیز ریکور کرنی ہو تو پھر الگ صورتحال ہوتی ہے،وکیل نے کہا ایف آئی آر میں اسی روایتی انداز میں الزامات لگائے گئے۔
چیف جسٹس نے کہا 1960 اور اب کی ایف آئی آر اٹھا لیں کوئی فرق نہیں ہو گا، کلہاڑے کی جگہ کلاشنکوف آ گئی لیکن محرر کا مائنڈسیٹ ابھی تک تبدیل نہیں ہو سکا، نیب، پولیس یا ایف آئی اے ہو، مائنڈ سیٹ نہیں بدلا، اگر کوئی شخص تفتیش میں تعاون کرے تو گرفتاری کی ضرورت نہیں ہوتی، مائنڈسیٹ ہے اگر ایف آئی آر ہو گئی تو بندہ اٹھا لوافسوسناک ہے،جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے ریمارکس دیئے کوئی عام ایف آئی آر نہیں، اپنی نوعیت کا پہلا کیس ہے،بعدازاں، عدالت نے اپیلوں پر سماعت 11 مارچ تک ملتوی کر دی،دریں اثناایف آئی اے نے کیس میں جسٹس ریٹائرڈ حامد علی شاہ کی خدمات حاصل کر لیں،جسٹس ریٹائرڈ حامد علی شاہ اور ذوالفقارنقوی ہائی کورٹ میں سائفر اپیلوں کی پیروی کریں گے۔
سائفر کیس، ایف آئی آر ہو گئی تو بندہ اٹھا لو کامائنڈ سیٹ افسوسناک ہے، اسلام آباد ہائیکورٹ


















