الیکشن میں محفوظ ماحول فراہم کیا،9مئی کے ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لائینگے،کور کمانڈر زکانفرنس

راولپنڈی :(بیورورپورٹ)کور کمانڈرز کانفرنس نے عزم کا اظہار کیا ہے9مئی کے ذمہ داروں کو ہر صورت کٹہرے میں لایاجائےگا،پاک فوج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا، مشکلات کے باجود الیکشن کے دوران محفوظ ماحول فراہم کیا، انتخابات میں مدد فراہم کرنے پر قانون نافذ کرنےوالے ادارے قابل تعریف ہیں ،بعض مذموم عناصرکی جانب سے مایوسی،تفرقہ ڈالنے کیلئے پھیلائی جانےوالی غلط و جعلی خبریں قابل تشویش ہیں ، پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلئے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنےوالے تمام دہشتگردوں، سہولت کاروں و حوصلہ افزائی کرنے والے عناصر کےخلاف ریاست مکمل طاقت کے ساتھ نمٹے گی، پاکستان کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا،مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کےلئے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز(ملٹری) کی زیر صدارت263ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی ،شرکا نے ملک میں امن و استحکام یقینی بنانے کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنےوالے مسلح افواج کے افسروں، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں ،شہریوں سمیت شہدا کی عظیم قربانیوں کوزبردست خراج تحسین پیش کیا،فورم نے عزم کیا پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کےلئے دشمن قوتوں کے اشارے پر کام کرنےوالے تمام دہشتگردوں، سہولت کاروں اور حوصلہ افزائی کرنےوالے عناصر کےخلاف ریاست مکمل طاقت کےساتھ نمٹے گی۔

آرمی چیف نے کمانڈرزکو دہشتگردی و عسکریت پسندی کےخلاف حاصل شدہ اہداف کے فوائد کو مستحکم کرنے کی ہدایت کی،فورم نے بھارت کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں پر جاری جبر پر تشویش کا اظہار کیا اور انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کی مذمت کی،اعلامیے کے مطابق فورم نے اعادہ کیاپاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی و اخلاقی حمایت ہر سطح پر جاری رکھے گا،فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی اور غزہ میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں و جنگی جرائم کی مذمت کی ،آرمی چیف نے کہافلسطینی عوام کو پاکستانی قوم کی مکمل سفارتی، اخلاقی و سیاسی حمایت حاصل ہے ،مسئلہ فلسطین کے پائیدار حل کےلئے اپنے بھائیوں کے اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔

فورم نے کہامسلح افواج نے دیئے گئے مینڈیٹ کے مطابق عام انتخابات کےلئے عوام کو محفوظ ماحول فراہم کیا اس سے زیادہ فوج کا انتخابی عمل سے کوئی تعلق نہیں تھا،کانفرنس میںتشویش کا اظہار کیاگیاکچھ مخصوص سیاسی عناصر سوشل میڈیا اور میڈیا کے کچھ پروگراموں میں مداخلت کے غیر مصدقہ الزامات لگا کر مسلح افواج کو بدنام کر رہے ہیں جو انتہائی قابل مذمت ہے،بدقسمتی کی بات ہے گڈ گورننس، معاشی بحالی، سیاسی استحکام اور عوامی فلاح و بہبود جیسے حقیقی مسائل پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے مفاد پرست عناصر کی پوری توجہ اپنی ناکامیوں کوپس پشت ڈال کر سیاسی عدم استحکام و غیر یقینی صورتحال پیدا کرنے پر مرکوز ہے،فورم نے زور دیا غیر آئینی و بے بنیاد سیاسی بیان بازی و جذباتی اشتعال انگیزی کا سہارا لینے کی بجائے ثبوت کےساتھ مناسب قانونی عمل کی پیروی کی جائے۔

شرکا نے مرکز و صوبوں میں اقتدار کی جمہوری انداز میں منتقلی پر اطمینان کا اظہارکرتے ہوئے امید ظاہر کی انتخابات کے بعد کا ماحول پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام لائے گا،امن و خوشحالی آئے گی،پختہ یقین ہے جمہوری استحکام ہی ملک کےلئے آگے بڑھنے کا راستہ ہے،فورم نے اعادہ کیا عسکری قیادت چیلنجز و خطرات سے پوری طرح باخبر اور عوام کی حمایت کےساتھ آئینی ذمہ داریوں کو نبھانے کےلئے پرعزم ہے۔

فورم نے سکیورٹی خطرات سے نمٹنے وسماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا اعادہ کرتے ہوئے کہاسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری،ون ڈاکومنٹ رجیم اور تمام غیر قانونی تارکین کی باعزت و محفوظ وطن واپسی سمیت تمام غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے میں بھرپورمدد فراہم کی جائے گی۔

وزیر اعظم کے عزم کے مطابق9مئی کے منصوبہ سازوں، اشتعال دلانے ، حوصلہ افزائی ،شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی اور فوجی تنصیبات پر حملہ کرنے والوں کو یقینی طور پر قانون و آئین کی متعلقہ دفعات کے تحت انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا،معاملے پر مسخ شدہ، ابہام اور غلط معلومات پھیلانے کی بدنیتی پر مبنی کوششیں بالکل بے سود ہیں جو صرف مذموم سیاسی مفادات کے حصو ل کےلئے منظم مہم کا حصہ ہیں تاکہ 9مئی کی گھناو¿نی سرگرمیوں پر پردہ ڈالا جا سکے۔

فورم نے بعض مذموم عناصر کی جانب سے معاشرے میں مایوسی و تقسیم ڈالنے کےلئے پھیلائی جانے والی منظم جھوٹی و جعلی خبروں پر تشویش کا اظہا ر کرتے ہوئے قابل فخرعوام پر زور دیامثبت و متحد رہیں اور ملکی تعمیر و ترقی میں دل و جان سے حصہ لیں،شرکا نے اعادہ کیا پاک فوج پائیدار استحکام، خوشحالی اور سلامتی کے سفر میں قوم کا دفاع و خدمت ہر ممکن طریقے سے جاری رکھے گی،آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو آپریشنز کے دوران پیشہ وارانہ مہارت، آپریشنل تیاری ، حوصلہ افزائی کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے اور فارمیشنوں کی تربیت کے دوران بہترین کارکردگی کے حصول پر زوردیا۔