اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سپریم کورٹ نے بھٹو صدارتی ریفرنس پر کارروائی مکمل کرلی،چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے رائے جلد سنادیں گے۔
چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 9 رکنی بنچ نے ذوالفقار بھٹو ریفرنس پر سماعت کی ،عدالتی معاون رضا ربانی نے دلائل دیتے ہوئے کہاجب بھٹو کےخلاف کیس چلایا گیا اس وقت لاہور ہائیکورٹ ،سپریم کورٹ آئین کے تحت کام نہیں کر رہے تھے، ملک میں مارشل لا نافذ تھا،بنیادی انسانی حقوق معطل ،استغاثہ فوجی آمر جنرل ضیا تھے، ،اپوزیشن ،حکومت کے درمیان نئے الیکشن کیلئے معاملات طے ہو چکے تھے،چیف جسٹس نے کہا کیا کوئی معاہدہ بھی ہو چکا تھا؟۔
رضا ربانی نے کہا معاہدے پر دستخط ہونا باقی تھے لیکن پھر مارشل لا نافذ کر دیا گیا، 24 جولائی کو ایف ایس ایف کے انسپکٹرز کو گرفتار کیا گیا، 25 ،26 جولائی کو اقبال جرم کے بیانات آ گئے، جسٹس جمال مندوخیل نے کہا مارشل لا آرڈر کے تحت تو کچھ بھی ہو سکتا تھا، مارشل دور میں تو گورنر ٹرائل بھی چلا سکتے تھے،رضا ربانی نے کہا وہ تو بادشاہ تھے مارشل لا میں جو مرضی کریں، بیگم نصرت بھٹو نے پیپلز پارٹی کے رہنماوں کی گرفتاریاں سپریم کورٹ میں چیلنج کیں، جسٹس یعقوب اس وقت چیف جسٹس تھے، جسٹس یعقوب نے جیسے ہی درخواست سماعت کیلئے منظور کی بطور چیف جسٹس ہٹا دیا گیا، جسٹس انوار الحق کو چیف جسٹس بنا دیا گیا۔
جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کیا سپریم کورٹ صدارتی ریفرنس میں مختصر رائے بھی دے سکتی ہے؟ رضا ربانی نے کہا عدالت ایسا کر سکتی ہے سپریم کورٹ مکمل انصاف کی فراہمی کیلئے آرٹیکل 187 کا استعمال کر سکتی ہے، جسٹس علی مظہر نے کہا اگر آرٹیکل 187 کا استعمال کیا تو وہ رائے کی بجائے فیصلہ ہو جائے گا، جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا آپ پھانسی کے بعد میں منظر عام پر آنے والے تعصب کے حقائق کی تفصیلات تحریری طور پر دے دیں،رضا ربانی نے کہا مارشل لا ریگولیشن کے تحت ججوں نے حلف لے رکھاتھا، حلف میں سے آئین کا لفظ حذف کر دیا گیا ،ججز آئین کے تحت ججز ہی نہیں تھے، ہائیکورٹ ، سپریم کورٹ بھی اس وقت آئین کے تحت کام نہیں کر رہی تھیں، بھٹو کیس میں فئیر ٹرائل کے پراسیس پر عمل نہیں کیا گیا۔
رضا ربانی نے کہا جنرل ضیا کا تعصب بھی موجود تھا، احمد رضا قصوری پر حملوں کے 1972 سے 1976 تک 6مقدمات درج ہوئے کسی ایف آئی آر میں بھٹو کو نامزد نہیں کیا گیا،چیف جسٹس نے کہا محمود مسعود کا پوچھا تھا ،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا ریکارڈ ڈھونڈ رہے ہیں، نادرا کے پاس بھی پرانا ریکارڈ نہیں، 3وزارتوں کو ریکارڈ کے حصول کیلئے لکھا ہے۔
بعدازاں احمد رضا قصوری نے دلائل دیتے ہوئے کہابھٹو کیس میں پرائیویٹ کمپلینٹ 1977 میں دائر کی گئی،چیف جسٹس نے پوچھا قتل 1974 کا تھا آپ نے اتنا وقت کیوں لیا؟ قصوری نے کہا پہلے کیس بند ہو گیا تھا، چیف جسٹس نے پوچھا کیس بھی کافی پہلے بند ہوا آپ تب ہی کیوں نہ گئے ناانصافی ہوگئی؟ آپ نے 3سال کیوں لیے اس کا جواب کیا ہو گا؟ احمد رضا قصوری نے کہا اس وقت ذوالفقار بھٹو وزیراعظم ،صورتحال ہی ایسی تھی،چیف جسٹس نے پوچھا آپ کے اور کتنے بہن بھائی موجود تھے 1974 میں؟ قصوری نے کہا 6بھائی تھے کوئی بہن نہیں۔
چیف جسٹس نے کہا آپ کا خاندان اچھے اثر و رسوخ، تعلقات اور وسائل والا خاندان تھا، آپ جیسا بااثر خاندان کیسے کمپلینٹ فائل کرنے میں دباو قبول کرتا رہا؟ جسٹس جمال مندوخیل نے کہا آآپ نے انکوائری بند ہونے کا آرڈر بھی چیلنج نہیں کیا تھا؟،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے مختصر دلائل میں کہا بھٹوکیس میں تفتیش مجسٹریٹ آرڈر سے بند ہوگئی تھی، کوئی بھی نیا جوڈیشل آرڈر لئے بغیر دوبارہ تفتیش کی گئی، پورا ٹرائل ایسی تفتیش پر چلا جو قانونی نہیں تھی، بظاہر لگتا ہے اس وقت سرکار کی مداخلت موجود تھی۔
جسٹس جمال نے کہا اب ایسی مداخلت کرنے کیلئے حکومت کیا اقدامات کر رہی ہے؟ ،آف کورس ہم تو عدلیہ کی آزادی کے داعی رہے ہیں، جسٹس جمال نے پوچھا آپ اقدامات کیا کر رہے ہیں؟ تو انہوںنے کہا اب نئی حکومت آ رہی ہے،چیف جسٹس نے کہا حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، ہم اپنا کام کریں دوسروں کو اپنا کام کرنے دیں،بعدازاں عدالت نے ذوالفقار بھٹو ریفرنس پر اپنی رائے محفوظ کرلی،جسٹس قاضی فائز عیسی نے کہا ایک بنچ ممبر ریٹائر ہو رہے ہیں ،اپنی مختصر رائے پہلے سنائیں گے فوری نہیں مگر شاید دوبارہ مشاورت کے بعد رائے سنانے بیٹھیں۔
سپریم کورٹ نے بھٹو ریفرنس پر رائے محفوظ کرلی ،جلد سنادیں گے،چیف جسٹس
















