صدارتی دنگل، زرداری ،اچکزئی اہل،باقی 5 امیدواروں کے کاغذات مسترد

اسلام آباد،لاہور: (بیورورپورٹ،خبر نگار)صدارتی دنگل کیلئے آصف زرداری اورمحمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور،باقی 5 امیدواروں کے مسترد کردئیے۔

صدارتی انتخاب کے ریٹرننگ افسر اور چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے سکروٹنی کے بعد زرداری،اچکزئی کے کاغذات نامزدگی منظور کیے،کاغذات نامزدگی منظور ہونے والے امیدواروں کی فہرست بھی آویزاں کر دی گئی،ریٹرنگ افسر نے باقی 5 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی مسترد کر دئیے۔

قبل ازیںمحمود اچکزئی کے کاغذات نامزدگی پر اعتراض عائد کرتے ہوئے کہاگیامحمود اچکزئی اداروں، ملکی خودمختاری و سالمیت کےخلاف ہیں،سنی اتحاد کونسل نے اسٹیبلشمنٹ مخالف بیانیے کی وجہ سے صدارتی امیدوار بنایا، اچکزئی پاکستان کے پختون علاقوں کو افغانستان کا حصہ سمجھتے اورپاکستان مخالف آدمی ہیں،اعتراض میں مزید کہا گیااچکزئی نے اسمبلی فلور پر اسٹیبلشمنٹ ،اداروں کےخلاف بیان دے کر آئین سے انحراف کیا، الیکشن میں سلیکٹ کرانے کیلئے لوگوں سے 70ارب لئے گئے،کاغذات نامزدگی مسترد کئے جائیں۔

دریں اثنا آصف زرداری نے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ خالد مقبول صدیقی سے رابطہ کیااور صدارتی انتخاب میں ووٹ کی درخواست کردی،خالد مقبول صدیقی نے یقین دہانی کرائی مشاورت کے بعد جلد جواب دیں گے۔

دوسری جانب سیاسی جماعتوں نے صدارتی انتخاب کےلئے صف بندی تیز کردی،اراکین اسمبلی کارڈ دکھا کر ہی ووٹ کاسٹ کرسکیں گے،پنجاب اسمبلی میں صدارتی انتخاب کےلئے ممبر الیکشن کمیشن پنجاب نثار درانی پریذائیڈنگ افسر ہوں گے۔

علاوہ ازیںن لیگ و اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس رواں ہفتے طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا، سنی اتحاد کونسل بھی رواں ہفتے پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں صدارتی انتخاب کےلئے حکمت عملی طے کرے گی، صدارتی انتخاب میں سینٹ، قومی اور بلوچستان اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ ہوگا،371 کے ایوان میں پنجاب اسمبلی کے 5.7 اراکین کا ایک صدارتی ووٹ تصور ہوگا، 168 کے ایوان میں سندھ اسمبلی کے 2.6 اراکین کا ایک ووٹ تصور ہوگا، 145 کے ایوان میں خیبرپختونخوا اسمبلی کے 2.2 اراکین کا ایک ووٹ تصور ہوگا۔