اپوزیشن کو پھرمفاہمت کی دعوت،پاکستان کو پاﺅں پر کھڑا کریں گے،شہبازشریف

اسلام آباد: (بیورو رپورٹ) نومنتخب وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے پاکستان کو پاوں پر کھڑا کریں گے، مشکل ضرور ہے مگر ناممکن نہیں، اپوزیشن کو پھر میثاق معیشت، مفاہمت کی دعوت دیتا ہوں، دھاندلی کی شکایت کےلئے آئینی فورم موجود ہیں، دھاندلی کی شکایت کیلئے آئی ایم ایف کے پاس جانے کی کیا ضرورت تھی؟ سیلاب کے دوران بانی پی ٹی آئی تقریر کرکے چلے گئے، نفرت کے کلچر کو ختم کرنے میں کئی سال لگ جائیں گے، قومی اسمبلی اجلاس کے دوران شور شرابے کی بجائے شعور کا راج ہونا چاہئے،9 مئی کوملک و قوم سے عظیم غداری کی گئی، ملوث افراد کو قانون کا سامنا کرنا پڑیگا اور کسی بے گناہ کو کوئی سزا نہیں دی جائیگی۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

شہبازشریف نے کہاقائد نوازشریف نے مجھے منصب کیلئے نامزد کیا، شکرگزار ہوں، آصف زرداری، بلاول بھٹو، خالد مقبول صدیقی، شجاعت، چودھری سالک، عبدالعلیم خان و خالد مگسی کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں، ایک بار پھر اپوزیشن کو میثاق مفاہمت کی دعوت دیتا ہوں، آئیں ملکر بیٹھیں اور پاکستان کی قسمت سنواریں، پاکستان کی تقدیر بنانے کےلئے سب کو ملکر فیصلہ کرنا ہے، خواتین کو ہراساں کرنے کا جرم ناقابل برداشت ہے، سستے و فوری انصاف کی فراہمی کےلئے قانون سازی ضروری ہے، 2 سال سے کم جیل میں قید خواتین ،بچوں کو فنی تربیت دی جائےگی۔ بجلی، ٹیکس چوری ملک کی زندگی، موت کا مسئلہ ہے، کوشش ہوگی حکومتی اقدامات کے ثمر ایک سال میں آناشروع ہوں، دوست ممالک کے سرمایہ کاروں کو ویزا فری انٹری، چاروں صوبوں میں ایکسپورٹ زون و جدید ہسپتال ، ملک بھر میں ٹرانسپورٹس کا جال بچھانے، سولر ٹیوب ویل پروگرام لانے اور اعلیٰ ترین بیج منگواکر دینگے ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو 10 روز میں ٹیکس ریفنڈ جاری، کھاد فیکٹریوں کی بجائے سبسڈی براہ راست کسان کو دینگے، بیچ منجھدار میں پھنسی کشتی کنارے لگائیں گے، سعودی عرب نے برے وقت میں پاکستان کا ساتھ نہیں چھوڑا، ہمسایہ ممالک کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم رکھیں گے۔

نومنتخب وزیراعظم نے کہاہمالیہ نما چیلنجز درپیش ہیں، ملکر مقابلہ کریں گے، پاکستان کو صحیح مقام دلوائیں گے، کام مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، ملکر پاکستان کو عظیم بنائیں گے، قومی اداروں پر 600 ارب کا خسارہ ہے، بوجھ غریب پر آتا ہے، بجلی و ٹیکس چوری کے کینسر جڑ سے اکھاڑ دیں گے۔ شہبازشریف نے کہا ارادہ ہے 5 لاکھ نوجوانوں کو خصوصی تربیت دیں، زراعت معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہے، چھوٹے کسانوں کےلئے ٹیوب ویل پروگرام شروع کریں گے،جعلی ادویات اور کھاد کا صوبوں کےساتھ مل کر خاتمہ کریں گے، کوشش ہوگی ہر صوبے اور وفاق میں جدید ہسپتال اور علاج کی سہولتیں دیں، ہونہار بچوں کےلئے بیرون ملک یونیورسٹیوں میں تعلیم کے اخراجات وفاقی حکومت دیگی۔

وزیراعظم نے کہا نظام عدل کی موجودہ شکل تاخیر کا سبب بن گئی ، مقدمے کا فیصلہ نہیں ہوتا، تجویز ہے سستے و فوری انصاف کےلئے عدالت عظمیٰ اور ایوان مشورہ کرکے نظام لائے، جیلوں میں قید خواتین، بچے جو سنگین جرائم میں ملوث نہیں ،سزا 2 سال سے کم ہے، رہا کرکے تربیت دیں گے، دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

شہبازشریف نے مزید کہابلوچستان کی محرومی کا مکمل ادراک ہے، لاپتہ افراد کے مسئلے کو حل کیے بغیر بلوچستان کے زخموں پر مرہم نہیں رکھا جاسکتا، پہلی فرصت میں بلوچستان کے زعما کے ساتھ بیٹھیں گے اور بات کریں گے، بلوچستان کی ترقی، امن اور خوشحالی پاکستان کی خوشحالی ہے، خارجہ پالیسی میں کسی گریٹ گیم کا حصہ نہیں بنیں گے، دوستوں میں اضافہ،مخالفین میں کمی لائیں گے، امریکہ سے تاریخی تعلقات پہلے ٹھیک کرنے ہیں پھر استوار کرنے ہیں، یوریی یونین ،خلیجی کونسل سے رابطے مستحکم کریں گے، ہمیشہ مدد کرنے پر سعودی عرب کے شکر گزار رہیں گے، کویت، بحرین اور ایران کےساتھ دیرینہ تعلقات آگے لےکر جائیں گے، چین دیرینہ و قابل اعتماد دوست ہے،2030 تک جی 20کی رکنیت کو ہدف بنانا ہوگا۔

وزیراعظم نے کہا مہنگائی، غربت، بیروزگاری ختم کریں گے، روزگار بڑھے گا، ترقی ہوگی، ملک خوشحال ہوگا، قرضوں سے نجات ملتی جائیگی، میں اور میرے ساتھی جانیں لڑا دیں گے، کسی چیز کو خاطر میں نہیں لائیں گے، سب ملکر کوشش کریں گے۔

کشمیر و فلسطین کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہافلسطین، غزہ اور کشمیر میں قتل و غارت کا بازار گرم ہے، اسرائیل نے بدترین بمباری و ظلم و ستم کی انتہا کردی، دنیا کا کوئی ادارہ اسرائیل کو بدترین قتل و غارت سے روک نہیں سکا، عالمی برادری تماشائی بنی ہے، کشمیریوں کا دن رات خون بہایا جا رہا ہے، عالمی برادری کے کشمیر پر لب سلے ہوئے ہیں، کیا وجوہات ہیں سب جانتے ہیں۔