پارلیمنٹ دھاندلی کی پیداوار،اسمبلیاں خریدی گئیں،تحریک چلائینگے،فضل الرحمن

کراچی:(بیورورپورٹ)جے یوآئی سربراہ فضل الرحمن نے ایک بار پھر اپوزیشن بنچوں پر بیٹھنے کااعلان کرتے ہوئے کہاہے پارلیمنٹ دھاندلی کی پیداوار،عوامی نمائندہ نہیں،سندھ ،کے پی، بلوچستان کی اسمبلیاں خریدی گئیں،میری خواہش ہے محمود اچکزئی کو ووٹ دوں لیکن پارٹی کا فیصلہ واجب ہے، سیاست میں کبھی گالم گلوچ کو فروغ نہیں دیا ، اپنے موقف پر قائم ہیںااوراپنے موقف پر رہ کر سیاست کریں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے فضل الرحمن نے کہااسٹیبلشمنٹ کے جبر کو جبر ہی کہا جائے گا، اسٹیبلشمنٹ نے اپنی ہی تقسیم کی، کسی کو ایک جگہ تو کسی کو دوسری جگہ ایڈجسٹ کیا گیا،بین الاقوامی دباﺅ اسٹیبلشمنٹ پر آتا ہے اور وہ آیا ، حماس قیادت سے ملوں گا تو بین الاقوامی طاقتیں ناراض تو ہوں گی، پورے ملک میں تحریک چلانے کےلئے لائحہ عمل بنائیں گے۔

جے یوآئی سربراہ نے کہاابھی تک گرینڈ الائنس کی فضا نہیں، نوجوان نسل میں شدت آ رہی ہے کچھ لوگ اسمبلیوں سے مایوس ہیں، ایک طبقہ جمہوریت کو کفر سمجھتا ہے، ہمیشہ جبر کو جبر سمجھا جائے گا، 2024کے الیکشن نے 2018کے انتخابات کی دھاندلی کا بھی ریکارڈ توڑ دیا،پارلیمان اپنی اہمیت کھو رہی اور جمہوریت اپنا مقدمہ ہار رہی ہے،اسمبلی کو جاگیر بنا لیا گیا،تحفظات کےساتھ پارلیمان میں جائیں گے اور ووٹ کا استعمال نہیں کریں گے۔

فضل الرحمن نے مزید کہا جمہوریت پر یقین رکھتے ہیں تو جمہوری سوچوں کا سہارا لیں ، کسی آمر کا سہارا نہ لیں،کسی کو مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے نہیں دیں گے، فلسطین میں 30ہزار شہادتیں ہو چکیں،امریکہ کو انسانی حقوق کی بات کرتے ہوئے شرم آنی چاہیے، اسلامی دنیا کھل کر مسلمان بھائیوں کی حمایت کرے۔