حلف اٹھا لیا،حقوق بندوق نہیں پارلیمنٹ سے ملیں گے،وزیراعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ:(بیورورپورٹ)پیپلزپارٹی کے رہنما سرفراز بگٹی 41 ووٹ لےکر بلامقابلہ وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب ،حلف اٹھا لیا۔

صوبائی اسمبلی کا اجلاس سپیکر عبدلخالق اچکزئی کی زیر صدارت 40 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، وزیر اعلیٰ کے انتخاب کےلئے کسی دوسرے رکن کے کاغذات نامزدگی جمع نہ ہونے کی وجہ سے انتخاب بلا مقابلہ ہوا تاہم اسمبلی قواعد و ضابطہ کار کے مطابق قائد ایوان یا وزیراعلیٰ کے انتخاب کیلئے رائے شماری ہوئی،پیپلز پارٹی کے نامزد امیدوار سرفراز بگٹی کو 65 کے ایوان میں 41اراکین نے ووٹ دیا،جے یوآئی نے اجلاس کابائیکاٹ کیاجبکہ نیشنل پارٹی کے ڈاکٹر عبد المالک بلوچ سمیت 4 اراکین نے اجلاس میں شرکت کے باوجود رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلو چستان میر سر فراز بگٹی نے کہا پاکستان کو بحرانوں سے صرف اورصرف پیپلزپارٹی ہی نکال سکتی ہے ،بلوچستان کوبیڈ گورننس دہشتگردی و ماحولیاتی تبدیلی کا سامنا ہے وفاق کی مضبوط اکائی بن کر صوبے کے مسائل حل کریں گے ،ناراض افراد سے مذاکرات کےلئے بات چیت کریں گے ، پہاڑوں پر جانے والے نوجوان قومی دھارے میں شامل ہو کر ملک و قوم کی خدمت کریں۔

سرفراز بگٹی نے کہا بندوق سے مسائل حل نہیں ہوں گے اگر کوئی تشدد کا راستہ اپنائے گا تو ریاست اپنی رٹ قائم کرے گی، صوبے میں اب کوئی نوکری فروخت نہیں ہوگی، یقین ہے صد ر زرداری ملک کو مسائل سے نکالیں گے ، وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کب تک اور لوگوں کو مورد الزام ٹھہرائیں گے، مفاہمتی سیاست وقت کی ضرورت ہے،بجلی و گیس کے مسائل اٹھانے ہیں، صوبے کے حقوق کی آواز ، غریب بچوں کو سکول بھیجیں گے،تعلیمی شعبے میں ایمرجنسی نافذ کر دی، ریونیو و ٹیکس نیٹ بڑھانا ہے، کب تک کشکول لےکر پھریں گے۔

نومنتخب وزیراعلیٰ نے کہاریاستی رٹ کی عملداری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو گا،بلوچستان کو جو کچھ ملنا پارلیمنٹ سے ملنا ہے، حکومت ڈائیلاگ کرے گی اور بار بار کرے گی، حقوق بندوق نہیں پارلیمنٹ سے ملیں گے، آپ سب بلوچستان کی تقدیر بدلنے کےلئے میرا ساتھ دیں، اگر پاکستان کو کوئی بچا سکتا ہے تو صرف پیپلز پارٹی ہے صوبے کو کوئی باہر سے آکر ٹھیک نہیں کرےگا۔

سرفراز بگٹی نے کہا3بڑے چیلنجز گورننس،دہشتگردی اور مو سمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کےلئے پلان تر تیب دیں گے ، صوبے کی بہتری کےلئے سابق حکمرانوں کے کاموں کو جا ری رکھےں گے ،نوجوان تعلیمی مکمل کر نے کے بعد بھی ڈگریاں ہاتھوں میں لئے در در کی ٹھو کریں کھا رہے ہیں ،ٹیکنیکل ایجوکیشن کی جانب زیادہ سے زیادہ راغب کریں گے، مثبت اپو زیشن کو ویلکم کہیں گے اور احترام کا دامن تھامیں گے، عوام کےلئے دروازے ہروقت کھلیں رہیں گے۔

بعدازاں تقریب کے دوران گورنر بلوچستان عبدالولی کاکڑ نے نومنتخب وزیر اعلیٰ سے حلف لیا،تقریب حلف برداری میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹوزرداری فیصل کریم کنڈی سمیت اعلیٰ سول و فوجی حکام،عمائدین نے شرکت کی،کرسیاں کم پڑ گئیں اور بہت سے شرکا تقریب کے دوران کھڑے رہے،حلف اٹھانے کے بعد سرفراز بگٹی نے جئے بھٹو کانعرہ لگایا۔