وزیراعلیٰ ان ایکشن،پرائس کنٹرول کےلئے پائیدار اقدامات کا حکم، فوری پلان طلب

لاہور: (رپورٹنگ ٹیم)عہدہ سنبھالتے ہی کام شروع، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازنے مہنگائی سے ریلیف کےلئے اقدامات کا اعلان کر دیا۔

مریم نواز کی زیرصدارت پرائس کنٹرول پر اجلاس ہوا ،پرویز رشید، مریم اورنگزیب ، عظمیٰ بخاری، بلال کیانی، افضل کھوکھر، ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری ، آئی جی و دیگر نے شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے پرائس کنٹرول کےلئے پائیدار اقدامات کا حکم دیتے ہوئے فوری پلان طلب کر لیااور5 روز میں پرائس کنٹرول کےلئے باقاعدہ ڈیپارٹمنٹ قائم کرنے کی ہدایت کردی۔

مریم نواز نے ڈیمانڈ و سپلائی سسٹم کی مانیٹرنگ کی ہدایت کرتے ہوئے کہا پرائس کنٹرول کےلئے باقاعدہ قانونی میکنزم موجود نہیں، عارضی اقدامات کافی نہیں، مہنگائی پر قابو پانا ترجیحات میں سرفہرست ہے، گراں فروشی کے خاتمے کےلئے پائیدار سسٹم وضع کیا جائے،پھلوں ، سبزیوں و دیگر اشیا خوردونوش کے نرخ کنٹرول کئے جائیں، گراں فروشی کرنے والوں کی سزا یقینی بنائی جائے۔