پاکستان اور بلغاریہ تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھانے کیلئے اقدامات کریں: سفیر

لاہور (کامرس رپورٹر) بلغاریہ کی سفیر ارینا گانشیو نے کہا ہے کہ پاکستان اور بلغاریہ باہمی اشتراک کے ذریعے مواقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے کیونکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت کی صلاحیت بھرپور طریقے سے استعمال نہیں کی جارہی۔ بلغاریہ فوڈ پراسیسنگ، زراعت، آئی ٹی اورنئی ٹیکنالوجی سمیت دیگر شعبوں میں کاروباری اشتراک کے وسیع مواقع رکھتا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار لاہور چیمبر میںمنعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور اور ظفر محمود چودھری نے بھی اجلاس سے خطاب کیا جبکہ اس موقع پر ایگزیکٹو کمیٹی ممبران راجہ حسن اختر، میاں عتیق الرحمن، احمد الٰہی اور محمد توقیر ملک بھی موجود تھے۔ سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں بہتری کی ضرورت ہے۔ بلغاریہ پاکستان کو گندم برآمد جبکہ ٹیکسٹائل آئٹمز درآمد کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلغاریہ 2007سے یورپین یونین کا رکن ہے،یہاں ٹیکسیشن سسٹم سرمایہ کار دوست ہے جبکہ یہ یورپین یونین کی 1.3ارب صارفین پر مشتمل مارکیٹ تک رسائی کا ذریعہ بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلغاریہ انفارمیشن ٹیکنالوجی ، آٹوموٹیو، مکینیکل انجینئرنگ، الیکٹرانکس ،روبوٹکس ، مینوفیکچرنگ، پلاسٹک اور ربر پراڈکٹس میں مہارت رکھتا ہے جبکہ یہ انٹرنیٹ موبائل اور آرٹیفیشل ریسرچ میں بھی بہترین مقام کا حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلغاریہ جی ایس پی پلس کے انتظامی امور کا بھی حصہ ہے۔ نہوں نے کہا کہ وہ رواں سال بلغاریہ میں ہونے والی نمائشوں کے بارے میں لاہور چیمبر کو آگاہ کریں گی تاکہ یہ ان میں حصہ لے سکے۔ صدر لاہور چیمبر کاشف انور نے کہا کہ پاکستان اور بلغاریہ کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، بلغاریہ جی ایس پی پلس سٹیٹس پر پاکستان کی مسلسل حمایت کرتا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلغاریہ کے ساتھ تجارتی تعلقات مستحکم کرکے پاکستانی تاجر یورپین یونین تک بہترین رسائی حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ باہمی تجارت ایک ارب ڈالر تک پہنچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ کاشف انور نے کہا کہ بلغاریہ کی عالمی تجارت کا حجم 108ارب ڈالر ہے جس میں پاکستان کا حصہ صرف 80ملین ڈالر ہے ۔ پاکستان بلغاریہ کو بیڈ لیلن، کپڑا، سوتی دھاگہ، تمباکو، طبی آلات اور چاول وغیرہ برآمد جبکہ وہاں سے گندم، ، تمباکو اور ٹریکٹر کے پرزہ جات وغیرہ درآمد کرتا ہے۔ لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ بلغاریہ کیلئے پاکستان سے سٹرس فروٹ، آم، ویلیو ایڈڈ ٹیکسٹائل، کھیلوں کا سامان، چمڑے کی مصنوعات، فرنیچر اور ماربل وغیرہ کی درآمدات بڑھانے کی وسیع گنجائش ہے، دونوں ممالک انفارمیشن ٹیکنالوجی، فوڈ پروسیسنگ، آٹو موٹیو سیکٹر، سیاحت اور زرعی ٹیکنالوجی میں مشترکہ منصوبہ سازی کو فروغ دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور اور بلغاریہ کی یونیورسٹیوں کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے امکانات موجود ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر نے سفیر کو حکومت پاکستان کی جانب سے قائم کردہ خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے بارے میں آگاہ کیا۔