نئی تاریخ رقم،مریم نواز پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ،حلف اٹھاکرچارج سنبھال لیا

لاہور: ( رپورٹنگ ٹیم )نئی تاریخ رقم،مریم نواز پاکستان اور پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ منتخب ہوگئیں،حلف اٹھا لیا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کےلئے اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے سپیکر ملک احمد خان کی زیر صدارت ہوا ،ووٹنگ کا طریقہ کار بتائے جانے کے کچھ دیر بعد ہی سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے شور شرابہ شروع کر دیا ،سپیکر ملک احمد خان نے کہا جو کچھ ہوگا آئین کے مطابق ہوگا۔

شور شرابے کے درمیان سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے رانا آفتاب کو بات کی اجازت نہ ملنے پر ایوان سے واک آﺅٹ کردیا،اس موقع پر مریم نواز نے کہا ہار جیت سیاست کا حصہ ہے ،واک آﺅٹ نہیں کرنا چاہیے، چاہتے ہیں سب ملکر چلیں، ہاریں یا جیتیں مقابلہ کریںیہی جمہوریت کا حسن ہے،اپوزیشن کو بلوا کر بولنے کا موقع دیں، مریم نواز نے سپیکر سے درخواست کی پہلے کوشش کی جائے اپوزیشن کو لیکر آئیں، چاہتے ہیں سب ملکر چلیں، واک آﺅٹ کرنا مناسب نہیں۔

سپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا مریم نواز نے خیر سگالی کا پیغام دیا جو قابل تحسین ہے، آپ کا رویہ مثبت و جمہوری روایات کے عین مطابق ہے، آئین کا آرٹیکل 130بولنے کی اجازت نہیں دیتا کیونکہ ایجنڈا صرف قائد ایوان کا انتخاب ہے۔

مریم نواز کی درخواست پر سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو ایوان میں واپس لانے کےلئے کمیٹی بنائی اورکمیٹی سنی اتحاد کونسل کے اراکین کو ایوان میں واپس لے آئی تاہم سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے دوبارہ واک آﺅٹ کر دیا۔

سپیکر نے کہا اگر سنی اتحاد کونسل کے اراکین واپس نہیں آتے تو کارروائی کا باقاعدہ آغاز کر دیں گے،آئین کی پاسداری کا حلف اٹھایا ہے ،مکمل پاسداری کروں گا،سپیکر نے پنجاب اسمبلی کے دروازے بند کرا کر الیکشن کا باقاعدہ عمل شروع کرایا،ایوان میں دونوں امیدواروں کے پولنگ بوتھ بنائے گئے ،پولنگ ایجنٹ بھی موجود رہے،اراکین رجسٹر پر اپنے دستخط کر کے لابی میں جاتے رہے ،ووٹنگ مکمل ہونے کے تمام اراکین کو باہر بھیج کر گنتی کی گئی۔

سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے نتائج کا اعلان کرتے ہوئے ہوئے کہا مریم نواز نے 220ووٹ حاصل کئے ،مدمقابل آفتاب احمد خان کوئی ووٹ نہ لے سکے،مریم نواز کی جیت کااعلان ہوتے ہی ایوان شیر آیا شیر آیا کے نعروں سے گونج اٹھا۔

بعد ازاں نومنتخب وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پہلی خاتون وزیر اعلیٰ کا حلف اٹھا لیا ،تقریب حلف برداری گورنر ہاﺅس میں ہوئی،گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے مریم نواز سے حلف لیا، تقریب میں نواز شریف ، شہباز شریف ، کیپٹن (ر) صفدر ، سلمان شہباز ، جنید صفدر سمیت شریف خاندان کے دیگر افراد ،پارٹی کے سینئر رہنماﺅں سمیت نومنتخب اراکین اسمبلی نے بھی شرکت کی،حلف اٹھانے کے بعد مریم نے والد نواز شریف کے ماتھے پر بوسہ بھی دیا۔

دریں اثنا حلف اٹھانے کے بعد وزیراعلیٰ مریم نواز وزیراعلیٰ ہاﺅس پہنچیں،گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی،بعدازاںمریم نواز نے چارج سنبھال کرصوبے میں امن وامان کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔