مریم نواز پہلی مرتبہ،مراد علی شاہ تیسری بار وزیراعلیٰ کاتاج سر پر سجانے کو تیار

لاہور، کراچی :(رپورٹنگ ٹیم+ بیورو رپورٹ) پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلیٰ کیلئے آج رسمی کارروائی، مریم نواز پہلی مرتبہ جبکہ مراد علی شاہ تیسری بار حکمرانی کا تاج سر پر سجانے کو تیار، پنجاب سے سنی اتحاد کونسل کے امیدوار رانا آفتاب نے سپرائز دینے کا اعلان کردیا۔

دونوں صوبوں میں نئے وزرائے اعلیٰ کے انتخاب کیلئے میدان سج گیا، پنجاب میں مریم نواز، رانا آفتاب مدمقابل ہیں، سپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے جانچ پڑتال و سکروٹنی کے بعد دونوں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی قواعد و ضوابط کے مطابق درست قرار دیدئیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کیلئے اجلاس11 بجے ہوگا، اعداد و شمار کے مطابق واضح برتری حاصل ہونے کے باعث مسلم لیگ (ن) کی نامزد امیدوار مریم نواز پہلی خاتون وزیراعلیٰ بننے کا اعزاز اپنے نام کریں گی۔

ادھر سنی اتحاد کونسل کے نامزد امیدوار وزیراعلیٰ رانا آفتاب نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، اچھے نمبرز ہیں، سرپرائز دیں گے، مخصوص نشستیں نہ دینے کی وجہ سے ایوان مکمل نہیں، دہرا معیار ہے، کے پی میں اجلاس نہیں بلایا جا رہا، مسلم لیگ (ن) والے اپنے گھر کے علاوہ کسی کو عہدہ نہیں دے سکتے، اگر ایسا ہی کرنا ہے تو جاتی امرا میں اسمبلی بنالیں۔

دریں اثنا نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری 2 بجے گورنر ہاوس میں ہوگی، تقریب میں شرکت کیلئے لیگی و اتحادی اراکین پنجاب اسمبلی کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے، مہمان کو ساتھ لانا ممنوع ہوگا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ کیلئے پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ اور ایم کیو ایم کے علی خورشیدی میں مقابلہ ہوگا، دونوں کے کاغذات نامزدگی درست قرار دیدئیے گئے۔ صوبائی اسمبلی میں بھاری اکثریت کے باعث پیپلز پارٹی کے مراد علی شاہ ایم کیو ایم امیدوار علی خورشیدی کو آسانی سے پچھاڑنے میں کامیاب ہوجائیں گے اور وزیراعلیٰ بننے کی ہیٹرک کریں گے۔