نو منتخب وزیراعظم یکم مارچ تک حلف اٹھالیں گے

اسلام آباد (مشرق نیوز) نئے منتخب وزیراعظم یکم مارچ تک حلف اٹھالیں گے،صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی آئندہ ہفتے 24کروڑ پاکستانیوں کے منتخب وزیراعظم سے حلف لیں گے۔ وزیراعظم پاکستان کی حلف برداری کی تقریب جمعرات 29 فروری یا جمعہ یکم مارچ 2024 کو ایوان صدر میں منعقد کی جائیگی۔

وزیراعظم کے عہدے کا انتخاب قومی اسمبلی آف پاکستان 28 یا 29 فروری کو کریگی، اس طرح یکم مارچ 2024 تک پاکستان کے 24 وزیراعظم حلف اٹھا لیں گے۔ حلف برداری کی تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ، چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ، جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل ساحر شمشاد مرزا، چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر، چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل امجد خان نیازی، چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر، نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ، انکی وفاقی کابینہ، اسلام آباد میں تعینات غیر ملکی سفرا، ہائی کمشنرز ، اعلیٰ سول و عسکری عہدیداران، سپریم کورٹ و ہائیکورٹ کے جج صاحبان، وفاقی سیکرٹریز، اٹارنی جنرل آف پاکستان، آڈیٹر جنرل آف پاکستان، وزیراعلیٰ پنجاب اور سندھ، صوبوں کے گورنرز اور دوسری اعلیٰ شخصیات مدعو ہوں گی۔ امکانی طور پر قومی اسمبلی آئندہ بدھ یا جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کو شو آف ہینڈ کے ذریعے قائد ایوان چنے گی۔