سستی توانائی سے برآمدات میں کئی گنا اضافہ ممکن ہے،ڈاکٹر سجاد ارشد

فیصل آباد: (صداقت علی) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے قائم مقام صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا حکومت نے معیشت کی بحالی کیلئے سمگلنگ کی روک تھام کے علاوہ ڈالر کی دستیابی اور قدر میں بے تحاشا اضافے پر بھی کامیابی سے قابو پا لیا ہے تاہم برآمدات میں اضافہ کیلئے علاقائی ملکوں کے مساوی نرخوں پر توانائی کی فراہمی ناگزیر ہے۔ انہوں نے یہ بات چیمبر آف کامرس کا دورہ کرنے والے خیبر پختونخواہ کے سٹاف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ میں زیر تربیت 49ویں تربیتی کورس کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

ڈاکٹر سجاد ارشد نے کہا انڈیا میں بجلی 8، بنگلہ دیش میں10، ویتنام میں 6 جبکہ پاکستان میں یہ 14سینٹ پر دستیاب ہے۔ نگران حکومت اس کو 9سینٹ پر لانا چاہتی ہے مگر بدقسمتی سے اس کیلئے ہمیں آئی ایم ایف کی اجازت درکار ہے۔ پاکستان میں اس سال کپاس کی پیداوار 4ملین سے بڑھ کے 8.4ملین گانٹھ ہو گئی ہے۔ اس طرح ہمیں سستی لیبر بھی دستیاب ہے اگر ہمیں سستی توانائی مہیا کر دی جائے تو برآمدات میں کئی گنا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ آئی ایم ایف سے آئندہ ماہ 1.1ارب ڈالر کی قسط جاری کرنے کیلئے درآمدات میں 14فیصد اضافہ کی شرط رکھی ہے جس سے ڈالر کی قدر میں غیر معمولی اضافہ ہوگا اور اس کی وجہ سے صنعتی شعبہ بھی براہ راست متاثر ہوگا۔

سٹاف ٹریننگ انسٹیٹیوٹ کے ڈائریکٹر جنرل دلدار محمد دانش نے بتایا کہ لازمی تربیتی کورس کے شرکا کو آئی ٹی اور ای گورننس کی تربیت دینے کے علاوہ اندورن ملک دورے بھی کرائے جاتے ہیں تاکہ ان کو پبلک اور پرائیویٹ شعبہ کی کارکردگی کو سمجھنے میں مدد مل سکے۔