پیپلز پارٹی نے گورنر پنجاب کیلئے 3 نام چن لئے

لاہور (مشرق نیوز) پیپلز پارٹی کی قیادت نے گورنر پنجاب کیلئے 3 نام چنلئے۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کیلئے مخدوم احمد محمود، قمر زمان کائرہ اور ندیم افضل چن کے نام زیرغور ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مخدوم احمد محمود پارٹی قیادت کی پہلی ترجیح ہوں گے اور وہ مسلم لیگ (ن) کیلئے بھی قابل قبول ہوں گے۔

واضح رہے کہ مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی قیادت نے گزشتہ روز وفاق میں حکومت سازی اور پاور شیئرنگ کا فارمولہ بتادیا تھا۔ اسلام آباد میں زرداری ہاوس میں پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری،مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مشترکہ پریس کانفرنس کی تھی۔

نیوز کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے کہا تھا کہ شہباز شریف ایک بار پھر ملک کے وزیراعظم بنیں گے جبکہ صدر مملکت کیلئے آصف علی زرداری ہمارے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔