پنجاب کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے اقدامات بار آور ثابت ہوئے :ایس ایم تنویر

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ گزشتہ ایک سال میں محکمہ صنعت و تجارت،سرمایہ کاری و تشکیل ہنرمندی میں اصلاحات کے ذریعے اسے معاشی ترقی کا حقیقی رول ماڈل بنایا گیا، پنجاب کے 6بڑے شہروں میں بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز قائم کرکے صوبے میں صنعتی عمل تیز کیا،بزنس فسیلی ٹیشن سینٹرز نئے کارخانے لگانے کیلئے 136سے زائد این او سی جاری کر رہے ہیں اسی طرح صنعتکاروں کی شکایات کے فوری ازالے کیلئے پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کوفعال کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے اپنے آفس میں یونائٹیڈ بزنس گروپ کے وفد سے ملاقات کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے 36 ماڈل بازاروں میں عوام کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات کئے گئے جبکہ صوبے کے مختلف شہروں میں مزید 6ماڈل بازار بنائے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کیلئے پنجاب روزگار سکیم کے تحت آسان قرضے دیئے جارہے ہیں،سمر سکلز کیمپ کے ذریعے سرکاری تعلیمی اداروں کے 14 ہزار طلبہ طالبات کو ہنرمند بنایا گیا جبکہ ٹیوٹا اور محکمہ جیل خانہ جات کے مابین معاہدے کے تحت قیدیوں کو فنی تربیت دی جارہی ہے اسی طرح جامع پروگرام کے تحت دینی مدارس کے طلبہ کو بھی ٹیکنیکل ایجوکیشن سے آراستہ کیا گیا۔ ایس ایم تنویر نے بتایا کہ محکمہ صنعت و تجارت کے پورے نظام کو کمپیوٹرائزڈ کردیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنانے کیلئے کئے گئے اقدامات بار آور ثابت ہوئے ہیں۔