خیبرپختونخوا میں بارش سے تباہی، مختلف حادثات میں 4 افرادجاں بحق، 9 زخمی

اسلام آباد/ پشاور/ کراچی/ گلگت (بیورو رپورٹ) ملک کے صوبہ خیبرپختونخوا میں بارش نے تباہی مچادی ، بارش کے باعث گھروں کی چھتیں کرنے کے واقعات میں4 افرادجاں بحق اور 9 زخمی شہری ہوگئے۔صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ پشاور میں بارش کے باعث 4گھروں کو جزوی ،2 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا۔ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، برف باری اور لینڈسلائیڈنگ سے بند سڑکوں کو کھولنے کیلئے اقدامات تیزکر دیے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم اے تمام اضلاع کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔ادھر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور گردونواح میں ہلکی بارش کے موسم خوشگوار ہونے کے ساتھ سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا،اس کے علاوہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں بھی بونداباندی ہوئی جس سے موسم خوشگوارہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں درجہ حرارت 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کی پیشگوئی کی ہے۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ 17 سے 22 فروری تک مری گلیات اور گردو نواح میں طوفانی بارش اور برفباری کےامکانات ہیں جب کہ ترجمان پی ڈی ایم اے نے مری انتظامیہ کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق بارش اور برفباری کے امکانات 75 فیصد ہیں۔ 17 سے 22 فروری تک موسم کی صورتحال بے یقینی رہے گی۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا کہ متحدہ عرب امارات،سعودیہ، قطر سمیت دیگر مشرق وسطی کے ممالک میں شدید بارشوں اور ژالہ باری کا سبب بننے والا طاقتور مغربی سسٹم آج رات پاکستان پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق سسٹم کی بحیرہ عرب موجودگی سے کراچی میں مطلع ابر آلود رہنے، بوندا باندی اور ہلکی بارش کا امکان ہے، سسٹم کے باعث جیوانی گوادر اور ماڑہ تربت، پنجگور، بیلہ، ا±تھل اور اطراف میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔دوسری جانب گلگت بلتستان میں شدید بارشوں سے شاہراہ قراقرم کوہستان اور شاہراہ بلتستان بن ہونے سے متعدد مسافرگاڑیاں پھنس گئیں۔گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کے دوران شاہراہ قراقرم کوہستان اور دیامر میں لینڈ سلائیڈنگ سے 4 مقامات اور شنگوس کے مقام پر شاہراہِ بلتستان بند ہوگئی، شاہراہوں کی بندش سے متعدد مسافرگاڑیاں پھنس جانے سے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔دوسری طرف صوبائی دارالحکومت لاہور اور اس کے گردو نواح میں ہلکی بارش ہوئی جس کے نتیجے میں موسم خوشگوار ہو گیا۔لاہور کے مختلف علاقوں شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، گوالمنڈی، قرطبہ چوک، ڈیوس روڈ، مال روڈ، اچھرہ، قینچی، چونگی امر سدھو، گجومتہ، اسلامپورہ، بند روڈ، انار کلی، شالامار باغ، ماڈل ٹان، جوہر ٹان، گلبرگ، گارڈن ٹاﺅن سمیت شہر کے دیگر مقامات پر بوندا باندی ہوئی۔قصور، پتوکی، مریدکے، شیخوپورہ اور دیگر شہروں میں بھی ہلکی بارش ہوئی، بادل برسنے کے ساتھ چلنے والی ٹھنڈی ہوا ﺅںنے سردی میں اضافہ کر دیا۔