اسلام آباد: (بیورورپورٹ)جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دئیے ہیں گلگت بلتستان کے لوگوں کو اپنی آئینی حیثیت ہی معلوم نہیں۔
گلگت بلتستان کی اعلیٰ عدلیہ میں ججز تعیناتی کیس پر سماعت چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں 3رکنی بنچ نے کی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاگلگت بلتستان کو صوبائی حیثیت دے کر آئینی دھارے میں لانا چاہتے ہیں لیکن عالمی کنونشنز رکاوٹ ہیں،دوران سماعت مقبوضہ کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کا تذکرہ ہوا۔
چیف جسٹس فائز عیسیٰ نے کہا بھارت نے تو کشمیر کو ہڑپ کر لیا ہے، کشمیر اور جی بی کا جو حصہ پاس ہے وہاں ریفرنڈم کرا لیں،چیف جسٹس نے کہا گلگت بلتستان کے لوگوں کو معلوم ہی نہیں آئینی حیثیت کیا ہے، ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہاریفرنڈم اقوام متحدہ ہی کرا سکتی ہے۔
جسٹس قاضی فائز نے کہا اقوام متحدہ کو بلا لیں استصواب رائے ہوجائے گا، مجھے معلوم نہیں صرف آپ سے پوچھ رہا ہوں ایسا ہو سکتا ہے یا نہیں،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کیا وفاقی حکومت بن گئی ؟ وزیراعظم کون ہیں؟۔
وکیل جی بی حکومت سعد ہاشمی نے بتایا حکومت نہیں بنی،ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا سنا ہے 29فروری کو اسمبلی اجلاس ہوگا، مناسب ہوگا نئی حکومت کی تشکیل کا انتظار کر لیا جائے، وزیراعظم جی بی کونسل کے چیئرمین ہوتے ہیں،عدالت عظمیٰ کے 3رکنی بنچ نے لارجر بنچ کی تشکیل کےلئے معاملہ ججز کمیٹی کو بھجواتے ہوئے عدالتی معاونت کےلئے گلگت بلتستان بار کونسل اور سپریم ایپلٹ بار ایسوسی ایشن کو نوٹس جاری کردئیے۔
کیا وفاقی حکومت بن گئی ،وزیراعظم کون ہیں؟:چیف جسٹس
















