چکوال ،ہائے غربت، شہری کی چار بچوں اور بیوی کو قتل کرکے خودکشی

چکوال (مشرق نیوز) گھریلو حالات سے تنگ شخص نے اپنے 4 بچوں اور بیوی کو قتل کرنے کے بعد خودکشی کرلی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق وہ آن لائن کاروبار کرتا تھا۔ پولیس کے مطابق چکوال کے مزدلفہ ٹاون میں شفقت نامی شخص نے اپنے بیوی بچوں کو قتل کردیا اور بعد میں خود کو گولی مار کر ختم کرلیا۔ قتل ہونے والے بچوں میں 2 بیٹے اور 2 بیٹیاں شامل ہیں۔ مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرز ہسپتال چکوال منتقل کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق بظاہر معاملہ گھریلو تنازعہ کا لگتا ہے، تاہم پولیس مختلف پہلووں کو پیش نظر رکھتے ہوئے تفتیش کررہی ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق شفقت سلیم نے ون فائیو پر کال کرکے بتایا کہ اس نے اپنے بچوں اور اہلیہ کو قتل کردیا ہے جس کے بعد اس نے خود کو بھی گولی مار لی۔ اہلیہ کی عمر 50 سے 55 برس جبکہ 2 بیٹیوں کی عمریں 14 سے 16 اور دونوں بیٹوں کی عمریں 13 اور 7 سال تھی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق شفقت نے گھریلو حالات سے تنگ آکر اپنے خاندان کو ختم کیا۔ وہ آن لائن کاروبار کرتا تھا اور نقصان کی وجہ سے ذہنی تناوکا شکار تھا۔