حکومت سازی کا فارمولا طے نہ پاسکا، جوڑ توڑ جاری، پی پی کا سی ای سی اجلاس آج پھر ہوگا

اسلام آباد (مشرق نیوز) عام انتخابات کے 5 دن بعد بھی بڑی سیاسی جماعتوں کے درمیان شراکت اقتدار کا فارمولا طے نہ پاسکا۔ وفاق میں حکومت سازی کیلئے جوڑ توڑ کی کوششیں جاری ہیں جس میں سیاسی بیٹھکیں اور مشاورت آج بھی جاری رہے گی۔ گزشتہ روز پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس میں شراکت اقتدار سے متعلق کوئی فیصلہ نہ ہوا جس کے بعد اجلاس آج سہ پہر تین بجے پھرہو گا۔

اسلام آباد میں اجلاس کے بعد شیری رحمان نے کہا کہ ابھی کوئی حتمی فیصلے نہیں ہوئے، پیپلز پارٹی تمام سیاسی جماعتوں سے بات چیت کیلئے رابطہ کمیٹی بنائیگی جس کے ناموں کا اعلان آج کر دیا جائیگا۔ فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق چاروں صوبوں میں تحفظات ہیں، اجلاس میں بہت سی تجاویز آئیں، آج حتمی فیصلہ کریں گے۔